دبئی//بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندوستان کے دھماکہ خیز بلے باز سوریہ کمار یادو کو سال 2023 کے ٹی-20 پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا ہے۔
سوریہ کمار کو لگاتار دوسری بار یہ ایوارڈ ملا ہے۔ سوریہ کمار کو اس سے قبل انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں بھی شامل کیا گیا تھا اور انہیں کپتان بنایا گیا تھا۔ سوریہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہیں لگاتار دو بار ٹی20 پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں 2022 کے لیے بھی یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔
انہوں نے زمبابوے کے سکندر رضا، یوگنڈا کے الپیش رمضانی اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ سوریہ کمار نے گزشتہ سال 17 اننگز میں 733 رنز بنائے تھے۔ اس دوران ان کا اوسط 48.86 اور اسٹرائیک ریٹ 155.95 رہا۔
سوریہ کمار یادو نے کہا، "اس فارمیٹ میں اپنی کارکردگی کے لیے لگاتار ایوارڈز جیتنا ایک ایسی چیز ہے جس کا میں صرف اس وقت خواب دیکھ سکتا تھا جب میں نے اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا۔”
انہوں نے کہا، "مجھے امید ہے کہ میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ اس کامیابی کو ٹی 20 کرکٹ کے ایک بڑے سال میں جاری رکھ سکتا ہوں، جبکہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں مینز ٹی 20 ورلڈ کپ قریب ہے۔