سرینگر//
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی نے جمعہ کوڈی آئی جی جنوبی کشمیر رئیس محمد بھٹ کے ساتھ جموں و کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع اعلیٰ سطحی میٹنگوں میں جامع سیکورٹی جائزہ لیا۔
پولیس کے ایک یان کے مطابق ان میٹنگوں کے دوران، شریک افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں زمینی سطح پر دشمن عناصر کی طرف سے درپیش کسی بھی چیلنج اور خطرات سے نمٹنے کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔
بیان کے مطابق’’آئی جی پی کشمیر نے بات چیت کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ انٹیلی جنس کوششوں اور تیز کارروائیوں کے ساتھ انسداد دہشت گردی گرڈ کو مضبوط کریں‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردمعاونین کی چوکس نگرانی اور فیصلہ کن قانونی اقدامات پر زور دیا گیا۔
’’انہوں نے کہا کہ علاقوں میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام اہم اداروں اور مقامات کی حفاظتی نگرانی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ کمزور لوگوں کا خیال رکھنا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘‘۔
آئی جی پی نے دہشت گردوں کے ساتھیوں/ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور ان کے خلاف قانون کے تحت تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
بردی نے کہاکہ مقامی نوجوانوں کے ساتھ مل کر نہ صرف منشیات کے خلاف جنگ جیتی جاسکتی ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ بھی عام لوگوں کے ساتھ تعلقات مزید پروان چڑھ سکتے ہیں۔
آئی جی پی نے پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی خاطر ایک نئی حکمت عملی کو ترتیب دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے میٹنگ کے دوران کہاکہ سوشل میڈیاکے ذریعے تشدد کو ہوا دینے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔