سرینگر//
موسم میں بہتری واقع ہونے کے بعد وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر بدھ کو دو روز بعد ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
بتادیں کہ بانہال میں مٹی کے تودے گر آنے کے پیش نظر قومی شاہراہ پر پیر کو ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی جس کے باعث شاہراہ پر سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں در ماندہ ہوئی تھیں۔
ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ قومی شاہراہ پربدھ کو ٹریفک بحال کر دیا گیا۔انہوں نے مسافروں سے نظم وضبط کی پابندی کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ڈرائیور حضرات سے احتیاط کرنے کی تاکید کی ہے تاکہ ٹریفک جام کا کوئی مسئلہ پیش آسکے ۔
ضلع مجسٹریٹ رام بن مسرت الاسلام نے بدھ کو’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’موسم میں بہتری واقع ہونے اور سڑک صاف کرنے کے بعد سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی‘‘۔
اسلام آبادنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے تازہ اپ ڈیٹ حاصل کریں۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ ہنوز بند ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند ہونے کے ساتھ ہی وادی کے بازاروں میں گراں بازاری اور اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوجاتی ہے ۔
دریں اثنامحکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۲۱؍اکتوبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران دن کے درجہ حرارت میں اضافہ درج ہونے کی بھی توقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۲۲؍اور۲۳؍اکتوبر کو ایک بار پھر موسم بگڑ سکتا ہے جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں۲۴سے۲۸؍اکتوبر تک موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں اگلے دس دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں کے دوران موسم فصل کٹائی و دیگر آئوٹ ڈور سرگرمیوں کے لئے موزوں ہے ۔
ادھر وادی کے میدانی علاقوں میں بدھ کی صبح دھند چھائی ہوئی تھی جو دن گذرنے کے ساتھ ساتھ اوجھل ہوتی گئی۔
وادی میں برف و باراں نے موسم سرما جیسے حالات پیدا کر دئے ہیں جس نے لوگوں کو گرم ملبوسات زیب تن کرنے اور روایتی کانگڑیوں کا استعمال کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ، سادھنا ٹاپ، پیر کی گلی، سمتن پاس، گریز، تلیل، سونہ مرگ، زوجیلا پاس اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے ۔