نئی دہلی//
وزیر اعظم‘ نریندر مودی کی اسرائیل حماس جنگ میں غزہ پٹی کے ایک اسپتال پر حملے میں مارے گئے لوگوں کے لئے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی ہے ۔
مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فار’ایکس‘پر لکھا ’’غزہ کے الاہلی اسپتال میں لوگوں کی المناک موت سے گہرا صدمہ لگا۔ متاثرین کے خاندان کے تئیں ہماری دلی تعزیت، اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کے لئے دعا‘‘۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ دونوں فریق کے درمیان جاری تنازعہ میں شہریوں کے جانی نقصان ہونے کی سنگین تشویش مسلسل فکر کا موضوع ہے ۔ اس میں شامل لوگوں کو ذمہ دار ٹہرایا جانا چاہئے ۔
یاد رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر گزشتہ شب ہو ئے حملے میں زائد از ۵۰۰ لوگ ہلاک ہو گئے۔ جہاں حماس اور فلسطین کی حکومت نے اسرائیل کو اس کیلئے ذمہ دار قرار دیا ہے وہیں اسرائیل نے فلسطینی مسلح گروپوں پر حملے کا الزام عائد کیا ہے۔