لاہور // پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا ڈرافٹ رواں سال دسمبر میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ڈرافٹ 12 سے 14 دسمبر کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ ڈرافٹ کا انعقاد قومی ٹی ٹونٹی کپ کے بعد کیا جائے گا، جو یکم سے 9 دسمبر تک ہونے والا ہے۔ پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن آئندہ دو ہفتوں میں شروع ہو جائے گی۔
رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی ڈرافٹ کے لیے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کرے گی۔ اس سے قبل، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے 2024ء ایڈیشن کے لیے ونڈو کی تصدیق کی تھی۔ آئندہ سیزن کے لیے ونڈو 8 فروری سے 24 مارچ 2024ء کے درمیان ہے۔ حتمی شیڈول کی تصدیق اگلی میٹنگ میں کی جائے گی۔
آئندہ نواں سیزن چھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔
آئندہ سیزن میں کوئی اضافی ٹیم شامل نہیں کی جائے گی۔ ویمن کرکٹ کے فروغ اور سپورٹ کے لیے پی سی بی پی ایس ایل کے دوران ویمن لیگ یا نمائشی میچز کے مواقع تلاش کرتا رہے گا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی سی بی ہنگامی منصوبہ بندی کے حصے کے طور پر متبادل مقامات کی تلاش کے لیے فرنچائزز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ ذرائع کے مطابق انتخابات یا کسی اور وجہ سے پی ایس ایل کو دبئی منتقل نہیں کیا جائے گا۔ تمام فرنچائزز نے پی ایس ایل کو کہیں اور منتقل نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انتخابات کی وجہ سے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل کر دیا جائے گا۔