دہرادون (اتراکھنڈ)//
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک داخلی سلامتی کو مضبوط بنانے اور اپنی داخلی سرحدوں کو محفوظ بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
دہرادون میں۴۹ویں آل انڈیا پولیس سائنس کانگریس (اے آئی پی ایس سی) سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا، ’’ملک میں ترقی کی پہلی شرط ملک میں امن و امان کی صورتحال کو مضبوط بنانا، مضبوط داخلی سلامتی اور ہماری سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔ مضبوط داخلی سلامتی اور اپنی سرحدوں کو محفوظ بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتے ہیں‘‘۔
شاہ نے مزید کہا کہ مرکز نے پچھلے نو سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت جموں کشمیر، شمال مشرقی خطہ اور نکسلائیٹ علاقوں میں حالات کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا’’گزشتہ نو سالوں میں جب نریندر مودی وزیر اعظم بنے، ہماری حکومت نے تین ہاٹ سپاٹ جموں کشمیر، نکسل ایریاز اور شمال مشرقی علاقوں میں حالات کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد موجودہ حالات کو دیکھ کر عوام نے راحت کی سانس لی ہے۔ نکسل علاقوں میں تیزی سے ترقی کی پیشرفت ہو رہی ہے‘‘ ۔
شاہ نے مزید کہا’’ہم شمال مشرقی علاقوں کو پرامن طریقے سے ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔۲۰۱۹۔۲۰۲۳سے وزارت داخلہ سے لے کر مقامی پولیس اسٹیشن تک امن و امان کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی ہے‘‘۔
پی ایم مودی کے اس وڑن پر زور دیتے ہوئے کہ سال۲۰۴۷تک ہندوستان کو ہر شعبے میں دنیا میں نمبر ایک ہونا چاہئے‘شاہ نے کہا’’۴۹ویں آل انڈیا پولیس سائنس کانگریس (اے آئی پی ایس سی) کی بہت اہمیت ہے کیونکہ یہ امرت کال کی پہلی پولیس سائنس کانگریس ہے۔ ان۷۵ سالوں میں ہم نے جمہوریت کی جڑیں مضبوط کی ہیں۔ پی ایم مودی نے ایک ہدف مقرر کیا ہے کہ جب ہم آزادی کے ۱۰۰ سال کا جشن منائیں گے تو ملک کو ہر شعبے میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہونا چاہئے‘‘۔
اس موقع پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ پولیس فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔