سرینگر//
پولیس نے مبینہ جنسی ہراسانی کیس میں قریب پندرہ روز قبل گرفتار کئے گئے سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے کارپوریٹرعاقب احمد رینزو پر پبلک سیفٹی (پی ایس اے ) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارپو ریٹر جس کے خلاف سرینگر کے مختلف پولیس تھانوں میں۷کیس درج ہیں ، کو کوٹ بلوال جیل جموں میں بند رکھا گیا ہے ۔
سرینگر پولیس نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’ایس ایم سی کارپوریٹر عاقب احمد رینزو ولد بلال احمد رینزو پر پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور کوٹ بلوال جیل جموں میں بند رکھا گیا‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا’’اس کے خلاف فسادات، حملہ، بلیک میل، جنسی ہراسانی اور توہین آمیز سلوک کرنے وغیرہ جیسے جرائم کے سرینگر کے مختلف تھانوں میں ۷؍ایف آئی آر درج ہیں‘۔
بتادیں کہ پولیس کے مطابق نشاط سرینگر سے تعلق رکھنے والے ایس ایم سی کارپوریٹر عاقب احمد رینزو کو جنسی طور پر ہراساں کرنے ، توہین آمیز سلوک اور آن لائن سٹاکنگ کے الزام میں۲۳ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ نے کارپوریٹر کے خلاف ٹھوس ٹیکنیکی ثبوت و شواہد پیش کئے ہیں۔