موہالی//
محمد شامی (51 رن پر پانچ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے جمعہ کو یہاں پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 50 اووروں میں 276 رنوں پر سمیٹ دی جبکہ ہندوستان نے مقررہ ہدف 48.4اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے آسٹریلیا کو پہلے میچ میں 5وکٹوں سے شکست دے دی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا نےڈیوڈ وارنر کے 52رنز اور جوش انگلس کے 45رنز کی بدولت 276رنز بنائے ۔ ہندوستان کی طرف سے گایکواد اور شبھمن گل نے ہندوستان کو ایک مضبوط شروعات دی ۔ گایکواد نے 10چوکوں کی مدد سے 71رنز بنائے جبکہ شبھمن گل نے 63گیندوں پر 6چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 74رنز بنائے۔
اس کے بعد کے ایل راہل اور سوریہ کمار نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں اور بھارت کو پہلے میچ میں جیت دلائی۔
واضح رہے کہ آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں شامی نے وقفے وقفے سے مہمان ٹیم کی وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور میں مچل مارش (4) کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا تاہم ڈیوڈ وارنر (52) اور اسٹیو اسمتھ (41) نے 94 رنز کی شراکت داری کرکے اننگ کو سنبھالا۔ وارنر رویندر جڈیجہ کی گیند پر لانگ آن پر کھڑے شبھمن گل کو کیچ تھما بیٹھے جس کے کچھ ہی دیر بعد شامی نے اسمتھ کو دوسرے اینڈ پر کلین بولڈ کردیا۔
ایک طویل عرصے کے بعد ون ڈے میچ کھیل رہے روی چندرن اشون نے مارنس لابوشین (39) کا وکٹ لیا جب ان کی للچاتی ہوئی گیند کو کریز سے باہر آکر کھیلنے کی کوشش میں لابوشین اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ جوش انگلس (45) بمراہ کا شکار بنے جب کہ کیمرون گرین (31) اور ایڈم زمپا (2) رن چرانے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ مارکس اسٹوئنس (29)، میتھیو شارٹ (2) اور شان ایبٹ (2) کو بھی شامی نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے نو وکٹ 49 ویں اوور میں 256 رنز پر گنوا دیے تھے لیکن کپتان پیٹ کمنز (21 ناٹ آؤٹ) نے آخری آٹھ گیندوں پر سخت حملہ کرتے ہوئے 20 رنز جوڑلئے۔ اپنی مختصر اننگ میں انہوں نے صرف نو گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکا لگایا جس کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم 276 کا اسکور حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔