کیف//
یوکرین کے شمالی شہر چرنیہیف کے مرکزی چوک پر روس کے میزائل حملے میں پانچ افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے ہیں۔
یوکرین کی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ لوگ مذہبی تعطیل منانے کے لیے گرجا گھر جا رہے تھے جب میزائل حملہ کیا گیا، زخمیوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔سویڈن کے سرکاری دورے کے موقع پرصدر ولودی میر زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کیا کہ ایک روسی میزائل ہمارے چرنیہیف شہر کے عین وسط میں گراہے۔ ایک چوک، پولی ٹیکنک یونیورسٹی اور ایک تھیٹر پر گراہے۔انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ہفتے کو عام تعطیل کا دن روس نے دردآمیز اور نقصان زدہ بنا دیا ہے۔
زیلنسکی کی پوسٹ کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملبہ علاقائی ڈراما تھیٹر کے سامنے ایک چوک پر بکھرا پڑا ہے، جہاں کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ویڈیو میں ایک لاش کو کار کے اندر لٹکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ روس نے فروری 2022 میں شروع کیے گئے اپنے مکمل حملے کے حصے کے طور پر جنگی محاذوں سے دور واقع یوکرین کے شہروں پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے ہیں۔