نئی دہلی///
صدر ہند ‘ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ملک کے شہری ایک دوسرے کے برابر ہیں جنہیں مساوی حقوق اور مواقع دستیاب ہیں ۔
ملک کے ۷۷ویں یوم آزاد کے موقع پر پیر کی شام قوم سے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا’’جب ہم یوم آزادی کی تقریبات مناتے ہیں، تو درحقیقت ہم ایک عظیم جمہوریت کا شہری ہونے کا جشن بھی مناتے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کی الگ الگ شناخت ہے‘ ذات پات‘ زبان اور خطے سے بالکل علیحدہ ‘اپنے خاندانوں اور پیشوں کے ساتھ بھی شناخت کی جاتی ہے ‘ لیکن ہماری ایک شناخت ہے ،جو ان سب سے بلاتر ہے اور ہماری وہ شناخت ہے بھارتی شہری کی۔ اس سرزمین میں ہم سب برابر کے شہری ہیں‘ ہم میں سے ہر ایک کو برابر کے مواقع ، برابر کے حقوق حاصل ہیں ، ہم سب کی برابر کی ذمہ داریاں ہیں‘‘۔
مرمو نے کہا’’لیکن ایسا ہمیشہ نہیں تھا، ہندوستان جمہوریت کی ماں ہے اور عہد قدیم سے ہی ہمارے یہاں زمینی سطح پرکام کرنیوالے جمہوری ادارے موجود تھے، لیکن طویل عرصے تک چلنے والی نوآبادیاتی حکمرانی نے ان جمہوری اداروں کو ختم کردیا تھا‘‘۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ۱۵؍اگست ۱۹۴۷ کے دن ملک نے ایک نئی صبح دیکھی، اس دن ہم نے غیرملکی حکمرانی سے آزادی ہی حاصل نہیں کی،بلکہ ہم نے اپنی منزل کو ازسرنوتحریر کرنے کی بھی آزادی حاصل کی۔
مرمو نے کہا ’’مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ہمارے ملک میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر خصو صی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ معاشی طور پر بااختیار ہونے سے خاندان اور معاشرے میں خواتین کا مقام مستحکم ہوتا ہے۔ میں تمام ہم وطنوں پر زور دیتی ہوں کہ وہ خواتین کے تفویض اختیارات کو ترجیح دیں‘‘۔
صدر جمہوریہ نے مزید کہا’’ میری خواہش ہے کہ ہماری بہنیں اور بیٹیاں ہمت کے ساتھ ہرح کے چیلنجوں کا سامنا کریں اور زندگی میں آگے بڑھیں۔ خواتین کی ترقی ہماری جدوجہد آزادی کے نظریات میں شامل تھی‘‘۔
مرمو کاکہنا تھا کہ ہندوستان، دنیا بھر میں ترقیاتی اور انسانی اہداف کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بھارت نے بین الاقوامی فورموں پربڑا مقام حاصل کیا ہے اور جی ٹونٹی ملکوں کی صدارت کے فرائض کوبھی سنبھالاہے۔
صدر ہند نے کہا’’چونکہ جی ٹونٹی گروپ دنیا کی دو تہائی آبادی کی نمائندگی کرتا ہے، اس لئے یہ ہمارے لئے عالمی ترجیحات کو صحیح سمت میں لے جانے کا ایک منفرد موقع ہے۔ جی ٹونٹی کی صدارت کے ذریعہ ، ہندوستان، تجارت اور مالیات کے شعبوں میں ہورہے فیصلوں کو منصفانہ طریقے سے آگے لے جانے کی کوشش کررہا ہے‘‘۔
مرمو نے کہا’’ہندوستان کی جی ٹونٹی کی صدارت میں ایک نئی بات یہ ہے کہ ڈپلومیسی کو زمین سے جوڑا گیا ہے۔ ایک بین الاقوامی سیاسی سرگرمی میں لوگوں کی شراکت کی ہمت افزائی کرنے کے لئے اپنی نوعیت کی پہلی مہم چلائی گئی ہے‘‘۔
صدر جمہوری نے کہا’’ مثال کے طور پر مجھے یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ اسکولوں اور کالجوں میں جی ٹونٹی سے جڑے موضوعات پر منعقد کی جارہی کارروائیوں میں طالب علم جوش وخروش کے ساتھ سرکت کر رہے ہیں۔ جی ٹونٹی سے جڑے پروگراموں کے بارے میں سبھی شہریوں میں بہت جوش وخروش دیکھنے کو مل رہا ہے‘‘۔
مرمو نے کہا کہ ہمارا آئین ،ہمارا رہنما دستاویز ہے۔ اس کا پیش لفظ ہماری جدوجہد آزادی کے نظریات پر مشتمل ہے۔آئیے ہم اپنے ملک کی تعمیر کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے ہم آہنگی اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔
صدر ہند نے کہا’’یوم ازادی کے موقع پر، میں ایک بار پھر آپ کو خاص طورپر ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سپاہیوں ، فوج کے جوانوں اور اندرونی سلامتی فراہم کرنے والی پولیس نیز دنیا کے ہر حصے میں رہنے والی بھارتی برادری کے ارکان کو مبارکباددیتی ہوں۔ میں آپ سبھی کو نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘