نئی دہلی//) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جی 20 ممالک سے اپیل کی کہ وہ بدعنوانی کے مرتکب اور بیرون ملک فرار ہونے والے معاشی مجرموں کے خلاف کارروائی، حوالگی اور بیرون ملک اثاثوں کی ضبطی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کریں۔
مسٹر مودی نے کولکتہ میں منعقدہ جی-20 انسداد بدعنوانی وزارتی میٹنگ سے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کیا۔ نوبل انعام یافتہ گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کے شہر کولکتہ میں معززین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب جی-20 انسداد بدعنوانی وزارتی اجلاس حقیقی انداز میں منعقد ہو رہا ہے ۔ ٹیگور کی تحریروں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے لالچ کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں سچائی کا تجربہ کرنے سے روکتا ہے ۔ انہوں نے قدیم ہندوستانی اپنشدوں کا بھی حوالہ دیا، جو ‘ما گردھا’ کا پیغام دیتے ہیں، جس کا مطلب ہے ‘کوئہ لالچ نہ ہو’۔
وزیر اعظم نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ بدعنوانی سب سے زیادہ غریب اور پسماندہ افراد کو متاثر کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وسائل کے استعمال کو متاثر کرتی ہے ، مارکیٹوں کو بگاڑتی ہے ، خدمات کی فراہمی کو متاثر کرتی ہے اور بالآخر لوگوں کے معیار زندگی کو کم کرتی ہے ۔
کوٹیلیہ کے ارتھ شاستر کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ ریاست کے وسائل میں اضافہ کرے تاکہ اپنے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ بہبود کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے بدعنوانی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ حکومت کا اپنے عوام کے تئیں مقدس فریضہ ہے ۔