کولمبو// سری لنکا کے شہر کولمبو میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز مہمان ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق نے شاندار ڈبل سنچری مکمل کرلی جب کہ مہمان ٹیم کو میزبان پر 278 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان نے اب تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 444 رنز بنالیے ہیں، میزبان ٹیم کے مقابلے میں پاکستان کو 278 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، بابر اعظم 39 اور سعود شکیل 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوچکے ہیں، کریز پر اس وقت اوپنر عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا موجود ہیں۔شاندار ڈبل سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق 200 اور سلمان آغا 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، جس کے بعد ان کی جگہ محمد رضوان کو فائنل الیون میں شامل کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث ختم کردیا گیا تھا۔
گزشتہ روز صرف 10 اورز کا کھیل ہوسکا تھا، جس میں پاکستان نے 33 رنز اسکور کیے، پاکستان کو میزبان ٹیم پر 12 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی، عبداللہ شفیق 87 رنز اور کپتان بابر اعظم 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 166 رنز پر آؤٹ کردیا تھا جبکہ جواب میں عبداللہ شفیق اور شان مسعود کی نصف سنچریوں کی بدولت 2 وکٹوں پر 145 رنز بنالیے تھے۔اس سیریز کے ساتھ دونوں ٹیموں نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا آغاز کیا ہے۔
سیریز کے دوسرے اور فائنل ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے جو پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ تھے۔
سری لنکا کے لیے 6 ون ڈے اور 11 ٹی 20 کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر مدوشنکا نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔
پاکستان نے گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا، میچ کی خاص بات مین آف دی میچ قرار دیے گئے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری تھی۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے میچز کی بات کی جائے تو سری لنکا نے یہاں کھیلے گئے 43 میں سے 20 میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ اسے صرف 9 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
پاکستان نے اس میدان پر اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے صرف ایک میں فتح نصیب ہوئی جبکہ ایک میچ میں شکست کے علاوہ بقیہ میچز کا ڈرا پر اختتام ہوا۔