کیف//
یوکرین میں روسی افواج کے آپریشن کا آج 62 واں روز ہے۔ روسی افواج نے یوکرین کی فوج کی عسکری صلاحیت تباہ کرنے اور دونباس کی اراضی کو آزاد کرانے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ ادھر نیٹو اتحاد کے ممالک کی جانب سے کئیف حکومت کے لیے اقتصادی، عسکری اور اخلاقی سپورٹ کا سلسلہ جاری ہے۔
تازہ ترین صورت حال کے حوالے سے برطانوی وزارت دفاع نے یوکرین کے مشرق میں واقع شہر کریمینا کے سقوط کا اعلان کیا ہے۔ وزارت کے مطابق روسی افواج یوکرین کے مشرق میں مورچہ بند ٹھکانوں کے محاصرے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے ٹویٹر پر بتایا گیا ہے کہ ایزیوم شہر کے جنوب میں گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے اور روسی فوج سلوویانسک اور کراماتورسک شہر کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہے۔
یوکرین کی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ کریمینا شہر یوکرین کے دارالحکومت کئیف کے جنوب مشرق میں 575 کلو میٹر دور واقع ہے۔
امریکی جریدے Politico میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق روس نے دونباس شہر پر حملے کے آغاز کے ساتھ ہی یوکرین میں مغربی ممالک کے ہتھیاروں کی کھیپوں ، ایندھن کے ڈپوؤں ، سپلائی لائنوں اور بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران میں ریل کی پانچ تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو یوکرین کی فوج کے لیے اہم کمک منتقل کرنے کے لیے استعمال ہو رہی تھیں۔