سرینگر//
شمالی ضلع بانڈی پورہ کے دور دراز گاؤں کدھرا میں آگ کی ایک واردات کے دوران چھ دکانیں، فوڈ سٹور اور تین رہائشی سیٹ خاکستر ہوئے ۔
اطلاعات کے مطابق منگل اعلیٰ الصبح بانڈی پورہ ضلع ہیڈ کواٹر سے۲۰کلومیٹر کی دوری پر واقع گاوں کدھرا میں عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً عمارت کو پوری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیائراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ منگل اعلیٰ الصبح چار بجکر۳۴منٹ پر بانڈی پورہ کے دور افتادہ گاوں میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
ان کے مطابق دور افتادہ علاقہ اور سڑکیں خستہ ہونے کی وجہ سے فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا تاہم اس کے باوجود بھی تین فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔
آگ ایک بڑی عمارت سے نمودا رہوئی تھی اوراس میں ہی چھ دکانیں، فوڈ سٹور اور تین رہائشی سیٹ تھے جو آگ کی واردات میں خاکستر ہوئے ۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔