نئی دہلی//سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز ہندی فلم ‘آدی پرش’ کے خلاف سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے سرٹیفیکیٹ کو منسوخ کرنے کی درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے مختلف ہائی کورٹوں کی کارروائیوں پر روک لگا دی۔
جسٹس سنجے کشن کول کی سربراہی والی بنچ نے ایک وکیل اور دیگر کی طرف سے مذہبی جذبات کو مبینہ طور پر ٹھیس پہنچانے کے الزام میں فلم ‘آدی پرش’ کے سی بی ایف سی سرٹیفیکیشن کو منسوخ کرنے کی درخواستوں کی سماعت کے بعد یہ حکم دیا۔
سینئر وکیل ہریش سالوے نے فلم پروڈیوسر کی جانب سے پیش ہوکر عدالت عظمی کو بتایا کہ بے شمار لوگ مختلف ہائی کورٹس میں درخواستیں دائر کررہے ہیں۔
الہ آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ ہفتے فلم کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور ڈائیلاگ رائٹر کو ذاتی طور پر عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔
ایڈوکیٹ کی مفاد عامہ کی عرضی کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے ، سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا، "اس عدالت کے پاس سرٹیفیکیشن کی اپیل پر غور کرنے اور اس پر روک لگانے کا کوئی معاملہ نہیں ہے ۔ اگر کوئی اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلے سے ناخوش ہے ، تو وہ قانون کے تحت دستیاب راستہ اپنا سکتا ہے ۔”
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ درخواست گزار وکیل کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت عرضی دائر کی گئی ہے جس میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے ، گرنتھ اور حقائق کو مسخ کرنے کے الزام میں فیچر فلم ادی پرش کے سرٹیفیکیشن کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ان گنت لوگ مختلف ہائی کورٹس میں بھی آرہے ہیں۔
عدالت عظمیٰ کی بنچ نے کہا، "ہم یہاں یہ فرض کر سکتے ہیں کہ سینما کی تصویر کشی میں اصل مواد کے ساتھ کھیلواڑ کیا گیا ہے ۔ یہ کس حد تک جائز ہے ، یہ دیکھنے کے لیے ایک ادارہ قائم ہے ۔ تاہم، عدالت کے لیے آرٹیکل 32 کے تحت ہر فرد کے جذبات کے لیے مداخلت کرنا ممکن نہیں ہے ۔”