ممبئی//ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ستمبر میں چین کے ہانگ زو میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں کے لیے خواتین اور مردوں کی ٹیمیں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ نے ایپکس کونسل کے اجلاس کے بعد اس کا اعلان کیا۔
بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ 2023 میں حصہ نہ لینے والے کھلاڑی ایشیا کپ کے لئے منتخب ہوسکیں گے۔ ایشیا کپ 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک شیڈول ہے جبکہ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
دریں اثنا، بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا کہ بورڈ ریٹائرمنٹ لے چکے کھلاڑیوں سمیت تمام ہندوستانی کرکٹرزکے لیے دیگر ٹی 20 لیگز میں شرکت کے حوالے سے پالیسی بنائے گا۔
شاہ نے کہا کہ بورڈ نے سید مشتاق علی ٹرافی کے آئندہ سیزن میں امپیکٹ پلیئر رول کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہ نے کہا، "ٹیموں کو ٹاس سے پہلے اپنی الیون اور چار متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ٹیمیں میچ کے کسی بھی وقت امپیکٹ پلیئر کا استعمال کر سکتی ہیں۔ سید مشتاق علی ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں ایک ٹیم امپیکٹ پلیئر کو اننگ کے 14ویں اوور سے پہلے استعمال کرسکتی تھی۔”
سید مشتاق علی ٹرافی کے آئندہ سیزن میں ایک اوور میں دو باؤنسر پھینکے جا سکتے ہیں۔ بورڈ نے اجلاس کے دوران ملک بھر کے اسٹیڈیمز کی دو مرحلوں میں تزئین و آرائش کا بھی فیصلہ کیا۔
شاہ نے کہا، "پہلا مرحلہ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کے مقامات انعقاد کی تزئین و آرائش پرمرکوز ہوگا۔ اس سے متعلق کام ورلڈ کپ سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں دیگر مقامات کی تزئین و آرائش پر کام کیا جائے گا۔”