نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے یوم پیدائش پر ہم وطنوں کی طرف سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغامات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں قوم کی خدمت کرنے کی مزید طاقت ملتی ہے ۔
نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت کئی معززین اور معروف شخصیات اور عام لوگوں نے صدر جمہوریہ کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے ۔
اس پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ‘‘آج اپنی سالگرہ کے موقع پر میں اپنے ہم وطنوں کی جانب سے ملنے والی پرتپاک مبارکبادوں اور نیک تمناؤں سے بے پناہ خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ محبت کا یہ اظہار مجھے ملک کی خدمت کرنے کی مزید طاقت دیتا ہے ۔ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے اپنی نیک خواہشات بھیجیں۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ انہوں نے آج اپنے دن کی شروعات بھگوان جگن ناتھ کی پرارتھنا سے کی۔ انہوں نے کہا، "میں نے دن کی شروعات بھگوان جگناتھ سے سب کی بھلائی کے لیے پرارتھنا کر کے کی۔ بعد میں، میں نے راشٹرپتی بھون کے ویلفیئر سینٹر اور نئی دہلی میں ہی امر جیوتی چیریٹیبل ٹرسٹ میں بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ مجھے معصوم بچوں سے ملنے اور بات چیت کرنے میں بہت خوشی اور اطمینان محسوس ہوا۔