بنگلورو// رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان وراٹ کوہلی نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے ہاتھوں 21 رن کی شکست کے بعد کہا کہ وہ خراب فیلڈنگ اور لاپرواہ بلے بازی کی وجہ سے اس شکست کے مستحق تھے۔
بدھ کو کھیلے گئے آئی پی ایل میچ میں کے کے آر نے آر سی بی کے سامنے 201 رن کا ہدف رکھا جس کے جواب میں آر سی بی صرف 179 رن تک ہی پہنچ سکی۔ فیلڈنگ کے دوران آر سی بی نے نتیش رانا کے دو کیچ چھوڑے اور نتیش نے اس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے 21 گیندوں پر 48 رن بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچا دیا۔
کوہلی نے میچ کے بعد کہا، "سچ کہوں تو ہم نے میچ ان کے حوالے کر دیا۔ ہم شکست کے مستحق تھے۔ ہم اتنے پیشہ ور نہیں تھے۔ ہم نے اچھی گیند بازی کی لیکن فیلڈنگ غیر معیاری تھی۔ ہم نے انہیں مفت میں جیت دے دی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈنگ کے دوران ہم نے دو کیچ چھوڑے جس کی وجہ سے وہ 25 سے 30 رن مزید بنا سکے۔ بلے سے ہم نے اچھی شروعات کی لیکن 4-5 وکٹیں بہت لاپرواہی سے گنوا دیں۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آر سی بی نے ایک تیز شروعات کی لیکن فاف ڈو پلیسس (سات گیندوں پر، 17 رن) کو سویش شرما نے آؤٹ کر دیا، جب کہ گلین میکسویل (پانچ) کوئی بڑا تعاون نہیں کر سکے۔
ویرات کوہلی (37 گیندوں، 54 رنز) نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد آر سی بی کی اننگز کو سنبھالا لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد میزبان ٹیم فتح سے دور ہوتی رہی۔
کوہلی نے کہا، "جن گیندوں پر ہمارے بلے باز آؤٹ ہوئے وہ وکٹ لینے والی گیندیں نہیں تھیں۔ ہم نے انہیں سیدھا فیلڈرز کے ہاتھوں میں کھیلا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایک شراکت ہمیں میچ میں واپس لے آئی لیکن ایک اور شراکت کی ضرورت تھی۔” ہم ہمیشہ ہوشیار رہنا ہوگا اور آسانی سے وکٹیں نہیں دینی ہوں گی۔”
آر سی بی کا اگلا مقابلہ یکم مئی کو لکھنؤ سپر جائنٹس سے ہوگا۔