دبئی// ہندوستان کے ٹاپ شٹلر ایچ ایس پرنے نے جمعرات کو بیڈمنٹن ایشیا چمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا کے چیکو اورا ڈوی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔
ساتوک سائراج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی مردوں کی ڈبلز جوڑی نے بھی کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا، حالانکہ کدامبی سری کانت ٹاپ 16 مرحلے میں ہارنے کے بعد باہر ہو گئے۔
آٹھویں سیڈ پرنے نے چیکو کو 61 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 21-16، 5-21، 21-18 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں ہندوستانی شٹلر کا مقابلہ جاپان کے کانتا سونیاما سے ہوگا۔
برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ساتوک-چراغ کی جوڑی نے کوریا کے جن یونگ اور نا سنگ سیونگ کو 21-13، 21-11 سے شکست دی، حالانکہ سری کانت اپنے مردوں کے سنگلز میچ میں چوتھی سیڈ کوڈائی ناراوکا سے 14-21، 22-20، 9-21 سے ہار گئے۔
دریں اثنا، روہن کپور اور سکی ریڈی کی ہندوستانی مکسڈ ڈبلز جوڑی دوسرے راؤنڈ کے حریف کوریا کے سیو سیونگ جے اور چائی یو جنگ سے واک اوور حاصل کرنے کے بعد کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ بی سمیت ریڈی اور اشونی پونپا اپنے مکسڈ ڈبلز میچ میں چائنیز تائپے کے چانگ کو چی اور لی چی چن سے 15-21، 17-21 سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
خواتین کے ڈبلز میں، کامن ویلتھ گیمز کی کانسی کا تمغہ جیتنے والی ترشا جولی اور گایتری گوپی چند نے چھٹی سیڈ جیونگ نا یون اور کم ہی جیونگ کی کوریائی جوڑی کو واک اوور دیا۔