نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تمل ناڈو میں حکمراں دراوڑ منیترکژگم (ڈی ایم کے ) حکومت کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے بیٹے اور داماد پر 30,000 کروڑ روپے کے اثاثے حاصل کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ بی جے پی نے ایک سال کے اندر بدعنوانی کے ذریعے اثاثہ حاصل کرنے کے اس معاملے میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
بی جے پی کے ترجمان سید ظفر اسلام نے آج یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمل ناڈو کی ثقافت ہندوستان کی میراث ہے ، لیکن ریاست کی ڈی ایم کے حکومت اس وراثت کو بدعنوانی کے ساتھ زہر آلود کر رہی ہے ۔ جب سے تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کی حکومت آئی ہے ، وہاں بدعنوانی اور بھی بڑھ گئی ہے ۔
مسٹر اسلام نے کہا کہ تمل ناڈو ریاستی بی جے پی کے صدر کے . اناملائی نے 14 اپریل کو ‘ڈی ایم کے فائل’ جاری کی، جو ڈی ایم کے حکومت کی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کو ظاہر کرنے والے دستاویزات کا ایک بنڈل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو حکومت میں وزیر خزانہ تھیاگراجن کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ خود صحافیوں کو بتا رہے ہیں کہ مسٹر اسٹالن کے داماد وی سباریسن اور بیٹے ادیاندھی اسٹالن نے بدعنوانی کے ذریعے 30,000 کروڑ روپے کمائے ہیں اور اب وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ اس کالے دھن کو کیسے چھپایا جائے ۔
بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ ڈی ایم کے حکومت کالے دھن کو سفید میں تبدیل کرنے کے نئے طریقے تلاش کرنے کی شرمناک کوششیں کر رہی ہے ۔ وزیراعلی اسٹالن کے داماد وی سباریسن نے برطانیہ میں دو کمپنیاں قائم کی ہیں اور یہ نام نہاد کمپنیاں غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم کو لانڈرنگ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔
مسٹر ظفر اسلام نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بارہا کہا ہے کہ ہم بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے کئی پالیسیاں بھی بنائی گئی ہیں لیکن کچھ ناسور ہیں جو آپ کے سامنے ہیں اور وہ یونائیٹڈ پروگریسو الائنس (یو پی اے ) کے پارٹنر ہیں۔ انہوں نے کہا ‘‘چاہے راہل گاندھی ہوں، واڈرا ہوں یا گاندھی خاندان کے کچھ اور افراد… جس طرح یہ خاندان ملک میں بدعنوانی کر رہا تھا، اسی طرح ڈی ایم کے خاندان بھی کرپشن کر رہا ہے ۔’’
مسٹر اسلام نے کہا کہ ریاستی بی جے پی صدر کے نے سی بی آئی سے وقت مانگا ہے تاکہ وہ تحقیقاتی ایجنسی کو متعلقہ دستاویزات اور ویڈیوز فراہم کریں تاکہ معاملے کی منصفانہ اور تیزی سے تحقیقات ہوسکے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے ۔