نئی دہلی/ 12 اپریل
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
شاہ کو جموں و کشمیر میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مرکزی حکومت اور یونین ٹیریٹری انتظامیہ کے سیکورٹی حکام کی طرف سے تفصیلی پریزنٹیشن دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کی صورتحال، سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں اور اقلیتی برادری کے ارکان کو نشانہ بنانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہونے کی امید ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ اور دیگر سینئر افسران میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
جموں و کشمیر میں گزشتہ تین سالوں میں کئی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوئے ہیں۔
حکومت نے پارلیمنٹ کو مطلع کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے جولائی 2022 تک 5 کشمیری پنڈتوں اور 16 دیگر ہندوو¿ں اور سکھوں سمیت 118 شہری مارے گئے۔
گزشتہ سال مئی میں جموں کے کٹرہ کے قریب ان کی بس میں آگ لگنے سے چار ہندو یاتری ہلاک اور کم از کم 20 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ آگ بھڑکانے کے لیے چپکنے والے بم کا استعمال کیا گیا ہے۔
آرٹیکل 370، جس نے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دیا تھا، 5 اگست 2019 کو منسوخ کر دیا گیا تھا اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ (ایجنسیاں)