رادھاکیشور پور (تریپورہ//وزیر اعظم نریندر مودی نے قبائلی اکثریتی شمال مشرقی ریاست کے ووٹروں سے ہفتہ کو ایک بار پھر ڈبل انجن والی حکومت کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا لوگ صرف خود غرضی کے لیے کام کرنے والی کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں پر بھروسہ نہیں کر سکتے جو ایک ریاست میں آپس میں لڑتی ہیں اور دوسری ریاست میں دوست بن جاتی ہیں۔
تریپورہ انتخابی مہم کے دوران رادھاکیشور پور میں ایک بڑے انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ، مسٹرمودی نے ریاست میں 19 فروری کو ہونے والے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی جیت پرریاست کے لوگوں کی ترقی کے لیے مزید تیزرفتاری سے کام کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا، ‘‘ریاست میں بی جے پی اور این ڈی اے کو لوگوں کی طرف سے زبردست حمایت مل رہی ہے ۔ اجلاس میں لوگوں تک پہنچنے میں تھوڑی تاخیر کی وضاحت دیتے ہوئے ، مسٹر مودی نے کہا کہ ہوائی اڈے سے اجلاس تک راستے میں، لوگوں کا ہجوم انہیں "آشیرواد” دینے کے لیے مختلف جگہوں پر جمع تھا۔
مسٹرمودی نے کہا، ‘‘کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں غریبوں کا نعرہ دیتی ہیں، لیکن وہ غریبوں کو مزید غریب بناتی رہی ہیں۔ ان کی ریاست میں گنے چنے خاندان ہی پھلتے پھولتے رہے ۔ یہ دونوں جماعتیں جہاں بھی تھیں غنڈوں اور کرپٹ لوگوں کے ٹولے بناتی رہیں۔ آپس میں لڑنا ان کی سیاست رہی ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس اور بائیں بازو کے لوگ عوام کے تئیں ایماندار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘ یہ ایک ریاست میں لڑتے ہیں اور دوسری میں دوست بن جاتے ہیں۔ انہوں نے مثال دی کہ کیرالہ میں بائیں بازو کی جماعتیں اور کانگریس ایک دوسرے کے خلاف ہیں اور یہاں ایک ہوگئے ہیں۔ انہیں یہاں تباہی کا منظر دوبارہ بنانے کا موقع نہیں ملے گا۔