ناگپور//تجربہ کار اسپنر اور آل راؤنڈر روی چندرن اشون جمعرات کو ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 450 وکٹیں لینے والے ہندوستانی گیند باز بن گئے۔
اشون نے بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے پہلے دن آسٹریلیا کے الیکس کیری کو آؤٹ کر کے یہ ریکارڈ حاصل کیا۔
اشون نے یہ ریکارڈ اپنے 89 ویں ٹیسٹ میں بنایا تھا جبکہ ان سے پہلے انیل کمبلے نے 93 ٹیسٹ میں 450 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ اس کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 450 وکٹیں لینے والے دوسرے بولر بھی بن گئے۔ سری لنکا کے لیجنڈ متھیا مرلی دھرن (80 ٹیسٹ) بین الاقوامی سطح پر ایسا کرنے والے سب سے تیز گیند باز ہیں۔
اشون نے پہلی اننگز میں 42 رنز کے عوض مجموعی طور پر تین وکٹ لیے، جب کہ آسٹریلوی ٹیم 177 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ اس کے علاوہ اشون نے 113 ون ڈے میچوں میں 151 وکٹ اور 65 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 72 وکٹیں حاصل کی ہیں۔