نئی دہلی//
چین میں کووِڈ کیسز میں اضافے کے بعد مرکزی حکومت نے ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام علاقوں کے لوگوں کو مشورہ دیا ہے بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک پہنیں ۔
چین میں کوویڈ کے اضافے نے ہندوستان میں خطرے کی گھنٹی بجائی ہے۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے آج ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور کیسوں کا سراغ لگانے کے کام کو تیز کریں۔
میٹنگ کے بعد، وزیر نے ٹویٹ کیا’’کووڈ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ میں نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور نگرانی کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں‘‘۔
تصاویر میں وزیر اور تمام اعلیٰ عہدیداروں کو ماسک پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے، حالانکہ حکومت کے پروٹوکول کے تحت اب یہ لازمی نہیں ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ جائزہ اجلاس میں بنیادی طور پر چھ اہم نکات پر بات چیت کی جائے گی۔ ان میں بین الاقوامی اور گھریلو ہوائی اڈوں پر آنے والے کیسز کو روکنے کی حکمت عملی، بیرون ملک سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے رہنما خطوط ترتیب دینا، اور کووڈ کے نئے ورڑن پر ماہرین سے مشاورت شامل ہے۔
اس دوران ملک کی پانچ ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گزشتہ ۲۴گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایکٹو معاملے میں اضافہ ہوا ہے اور دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ان کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔
مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے بدھ کو کہا کہ صبح۷بجے تک۰۱ء۲۲۰کروڑ سے زیادہ ویکسین دی گئی ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ ملک میں گزشتہ۲۵گھنٹوں میں جہاں پانچ ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے ایکٹیو کیسز بڑھے ہیں، وہیں باقی ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ان کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔
ملک میں کورونا کے۸۲؍ایکٹو کیسز میں کمی کے بعد ان کی تعداد۳۴۰۸تک آ گئی ہے ۔ ایکٹو کیسز کی شرح۱ء۰ فیصد ہے اور اسی عرصے کے دوران۲۱۰؍افراد کووڈ۱۹ انفیکشن سے شفا یاب ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد۴کروڑ۴۱لاکھ۴۲ہزار۲۴۲ہو گئی ہے اور شرح ملک میں صحت یاب ہونے کی شرح۸۰ء۹۸فیصد جبکہ کورونا وائرس کے انفیکشن سے ایک مریض کی ہلاکت کی تعداد۵لاکھ۳۰ہزار۶۸۰اور اموات کی شرح۱۹ء۱فیصد ہے ۔
ہریانہ، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں لداخ اور پڈوچیری سمیت قومی دارالحکومت میں ایکٹو کیسز میں اضافہ ہوا ہے ۔









