سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ہال گاؤں میں بدھ کو مبینہ حادثاتی طور گولی چلنے سے زخمی ہونے والا شہری شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ میں ناکہ ڈیوٹی کے دوران ایک اہلکار کی بندوق سے اچانک گولی چلنے سے ایک شہری شدید زخمی ہوگیا۔
ذرائع نے کہا کہ زخمی شہری کو فوری طور علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اس کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سرینگر ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت آصف احمد ساکن پوٹر وال شوپیاں کے بطور ہوئی ہے ۔
اس دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون‘ وجے کمار نے بدھ کے روز کہا کہ پولیس اہلکار، جس کی رائفل غلطی سے چلی گئی اور ایک شہری کی موت ہوگئی، کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اے ڈی جی پی کا حوالہ دیتے ہوئے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کاکہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا’’آج ہال پلوامہ میں ڈیوٹی کے دوران، ایک پولیس اہلکار کی رائفل غلطی سے چلی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو پولیس نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔ بعد ازاں زخمی شخص محمد آصف پڈروولد محمد ایوب پڈرو ساکنہ پوٹروال شوپیاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ مقدمہ درج، پولیس اہلکار گرفتار۔ مزید تفتیش جاری ہے ۔‘‘