نئی دہلی// ہندوستانی کرکٹ لیجنڈ کپل دیو نے پیر کو گرانٹ تھورنٹن انڈیا اور پروفیشنل گولف ٹور آف انڈیا (پی جی ٹی آئی) کے اشتراک سے ‘کپل دیو گرانٹ تھورنٹن انویٹیشنل’ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کیا، جس میں پیشہ ورکھلاڑیوں کے ساتھ گولف کے شوقین، کارپوریٹ اور مشہور گولفرز بھی شرکت کریں گے۔
کپل دیو نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا، ”میں اس ٹورنامنٹ کو لے کر بہت پرجوش ہوں۔ میں گرانٹ تھورنٹن انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) وشیش چنڈیوک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہندوستان کی گولفنگ کی تاریخ میں ایک تاریخی ایونٹ شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 27-30 ستمبر 2022 تک منعقد ہونے والا ٹورنامنٹ گروگرام کے ڈی ایل ایف گولف اینڈ کنٹری کلب کے گیری پلیئر کورس میں کھیلا جانے والا پہلا مکمل فیلڈ پی جی ٹی آئی ایونٹ ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کل ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم کے لئے 126 پروفیشنل کھلاڑی حصہ لیں گے۔
وشیش چانڈیوک، سی ای او، گرانٹ تھورنٹن انڈیا نے کہا، "ہم گولف کو مقبول، جامع اور سب کے لیے قابل رسائی بنانا چاہتے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کی نمائندگی کرنے نیز پیشہ ور اور شوقیہ کھلاڑیوں کے لئے ایک جامع پلیٹ فارم بنانے کے لیے کپل دیو سے بہتر کوئی نہیں ہو سکتا تھا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس عظیم قومی گولف ایونٹ کے ذریعے مزید افراد گولف کا انتخاب کرنے کی طرف راغب ہوں گے۔
ابتدائی 126 کھلاڑیوں میں سے ٹاپ 50 مقابلے کے آخری حصے میں داخل ہوں گے۔ تیسرے اور چوتھے راؤنڈ میں، شوقیہ اور پیشہ ور کھلاڑی ایک ٹیم کے طور پر کھیلیں گے اور ٹیم کے انعام کا دعویٰ کریں گے۔ اس ایونٹ سے حاصل ہونے والے پوائنٹس کھلاڑیوں کی پی جی ٹی آئی رینکنگ کو بھی متاثر کریں گے۔
اتم سنگھ منڈی، سی ای او، پی جی ٹی آئی نے کہا، "ہم کپل دیو گرانٹ تھورنٹن انویٹیشنل کو اپنے پروگرام میں شامل کرکے پرجوش ہیں۔ ہم ہندوستان میں گولف کو فروغ دینے کے لیے کپل دیو، گرانٹ تھورنٹن انڈیا اور ایونٹ کے دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
مقابلے کے منفرد فارمیٹ کے بارے میں مسٹر منڈی نے کہا، “اس ٹورنامنٹ کا منفرد فارمیٹ بہت پرکشش ہے۔ یہ شوقیہ کھلاڑیوں کے لیے موقع ہے کہ وہ پیشہ ور کھلاڑیوں کے شانہ بشانہ کھیل سکیں اور ٹیم اسپرٹ کو محسوس کرسکیں۔