نئی دہلی//
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو پاکستان کے ایف ۱۶ لڑاکا طیاروں کے بیڑے کیلئے امدادی پیکیج فراہم کرنے کے واشنگٹن کے فیصلے پر ہندوستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔
سنگھ نے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران آسٹن کو اس معاملے پر ہندوستان کے خدشات سے آگاہ کیا۔
وزیر دفاع نے ٹویٹر پر کہا’’میں نے پاکستان کے ایف ۱۶ بیڑے کیلئے امدادی پیکیج فراہم کرنے کے حالیہ امریکی فیصلے پر ہندوستان کی تشویش سے آگاہ کیا‘‘۔
امریکا نے پاکستان کے ایف ۱۶ لڑاکا بیڑے کیلئے ہارڈ ویئر، سافٹ ویئر اور اسپیئرز کیلئے۴۵۰ ملین امریکی ڈالر مالیت کی فارن ملٹری سیلز (ایف ایم ایس) فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
سنگھ نے کہا’’امریکی وزیر دفاع‘ لائیڈ آسٹن کے ساتھ ایک گرمجوشی اور نتیجہ خیز ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔ ہم نے اسٹریٹجک مفادات کے بڑھتے ہوئے ہم آہنگی اور دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا‘‘۔
وزیر دفاع نے کہا’’ہم نے تکنیکی اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے اور ابھرتی ہوئی اور اہم ٹیکنالوجیز میں تعاون کو تلاش کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا‘‘۔
سنگھ نے کہا کہ وہ ہندوستان،امریکہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے سکریٹری آسٹن کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔