نئی دہلی،// وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو برطانیہ کی نئی وزیر اعظم لز ٹرس کے ساتھ ٹیلی فون بات چیت کی۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک ریلیز کے مطابق، مسٹر مودی نے ٹرس کو برطانیہ کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور برطانیہ کے ٹریڈ سکریٹری اور خارجہ سکریٹری کے طور پر ہندوستان-برطانیہ دو طرفہ تعلقات میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مسٹر مودی اور محترمہ ٹرس نے دو طرفہ اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جن میں دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے جاری بات چیت، ہندوستان-برطانیہ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے مجوزہ 2030 کا جامع منصوبہ، دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے سے متعلق امور شامل تھے ۔
محترمہ ٹرس کے ساتھ اس بات چیت میں مسٹر مودی نے برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر برطانوی شاہی خاندان اور وہاں کے لوگوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔