چنئی// وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ (02 ستمبر) کو یہاں پہلے دیسی طیارہ بردار بحری جہاز ‘آئی این ایس وکرانت’ کو بحریہ میں شامل کریں گے ۔ جو کہ ہندوستان کی سمندری تاریخ میں اب تک کا سب سے بڑا جہاز ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
مسٹر مودی یہاں کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ (سی ایس ایل) میں 20,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے بنائے گئے اس طیارہ بردار جہاز کو ہندوستانی بحریہ میں شامل کریں گے ۔ دیسی طیارہ بردار بحری جہاز وکرانت کی شمولیت کے ساتھ ہندوستان ان ممالک کے منتخب گروپ میں شامل ہو جائے گا جو دیسی طیارہ بردار بحری جہازوں کو ڈیزائن اور بنانے کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ ‘میک ان انڈیا’ مہم کا حقیقی ثبوت ہوگا۔
ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا کہ یہ ہندوستانی بحریہ اور پوری قوم کے لئے ایک تاریخی سنگ میل ہوگا جب وزیر اعظم کل آئی اے سی وکرانت لانچ کریں گے اور یہ ‘خود کفیل’ ہندوستان کے عزم کو محسوس کرنے کا ایک تاریخی دن ہوگا۔’’
طیارہ بردار جہاز وکرانت مکمل طور پر ہندوستان میں بنایا گیا۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا جنگی جہاز ہے ۔ اس کے علاوہ یہ ہندوستانی بحریہ کے لیے پہلا مقامی طور پر ڈیزائن اور بنایا گیا جنگی جہاز ہے ۔
وکرانت کو ہندوستانی بحریہ کی اندرونی تنظیم وار شپ ڈیزائن بیورو نے ڈیزائن کیا ہے اور اسے بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے تحت پبلک سیکٹر کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ (سی ایس ایل) نے بنایا ہے ۔ اس طیارہ بردار جہاز کا نام اس سے قبل 1971 کی جنگ میں اہم کردار ادا کرنے والے طیارہ بردار کے نام پر رکھا گیا ہے ۔