اسلام آباد/۲۳مارچ(ندائے مشرق خبر)
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو کہا کہ یونین ٹیریٹری میں آئندہ چار برسوں میں فاضل بجلی پیدا ہو گی اور ہر گھر کو معیاری اور قابل اعتماد بجلی ملے گی۔
ایل جی نے کہا کہ لداخ اور پنجاب کے درمیان ایک نئی ٹرانسمیشن لائن آرہی ہے جو جموں و کشمیر سے ہوتی ہے جس کے بعد یوٹی میں بجلی کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ سنہا کاکہنا تھا’’حکومت ہند کی طرف سے ایک اہم ٹرانسمیشن لائن کی منظوری دی گئی ہے جو لداخ سے آئے گی اور کشمیر، جموں اور پھر پنجاب تک پہنچے گی۔ یہ پروجیکٹ منظور شدہ ہے اور ایک بار جب پروجیکٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی، تو جموں کشمیر میں بجلی کی کوئی کمی نہیں ہوگی‘‘۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سنہا جنوبی کشمیر کے اسلام آباد کے میربازار میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاں انہوں نے پاور گرڈ سب اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ سنہا نے کہا کہ پاور ڈپارٹمنٹ نے اس پروجیکٹ کو چھ ماہ کے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا ہے۔
ایل جی نے کہا’’۱۹۴۷ سے ۲۰۲۰ تک، جموں و کشمیر صرف۳۴۵۰میگاواٹ بجلی پیدا کر سکا اور یہی اعداد و شمار اگلے چار سالوں میں ہی حاصل کیے جائیں گے‘‘۔
سنہا نے عوام سے کہا کہ وہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے لیے محکمہ بجلی کے ساتھ تعاون کریں۔
ایل جی نے کہا کہ پاور ڈپارٹمنٹ ’تمام زیر التواء پروجیکٹوں کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کرکے قابل ستائش کام کر رہا ہے۔‘‘