سرینگر//
جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر در اندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین در اندازوں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اوڑی کے کمل کوٹ سیکٹر میں مدیان نانک پوسٹ کے نزدیک فوج اور بارہمولہ پولیس نے تین در اندازوں کو مار گرایا۔
اس دوران پولیس کے ایک ترجمان نے آج رات ایک بیان میں کہا کہ آج بارہمولہ پولیس اور فوج کی طرف سے مدیان کمال کوٹ کے ارد گرد ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا اور آپریشن کے دوران ایل او سی کے ساتھ نانک پوسٹ اور بوچر پوسٹ کے درمیان مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی۔
بیان کے مطابق جیسے ہی فورسز مشتبہ جگہ کے قریب پہنچ گئے تو چھپے ہوئے دہشت گردوں نے تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کا موثر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہوگیا۔ اس کے بعد ہونے والے مقابلے میں تین نامعلوم دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت کی جا رہی ہے۔
مارے گئے دہشت گرد گھنی زمین، پودوں اور مسلسل بارش اور کم بادلوں کا فائدہ اٹھا کر اِس طرف گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم، دہشت گردوں کو اندرونی علاقوں میں دراندازی کرنے سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق قابل اعتراض مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بشمول ۲؍اے کے ۴۷ رائفلز‘ ایک چینی رائفل ایم ۱۶ (۹ایم ایم)‘۷؍اے کے ۴۷ میگزین‘۱۹۲راؤنڈ‘اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا ۔ تصادم کی جگہ سے پاکستانی مارکنگ کے ساتھ ۳ گولہ بارود کے پاؤچ‘۴ سگریٹ کے پیکٹ‘۱۱ سیب اور خشک میوہ جات وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔
برآمد ہونے والے تمام سامان کو مزید تفتیش کے لیے کیس ریکارڈ میں لے لیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں پولیس نے تھانہ اوڑی میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
اس دوران جموں کشمیر میں دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ کنٹرول لائن(ایل او سی) پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
بتادیں کہ پچھلے تین روز کے دوران سیکورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر چار داندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔
دفاعی ذرائع نے بتایاکہ حد متارکہ اور بین الاقوامی کنٹرول لائن پر مزید چوکسی بڑھائی گئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر سرحدوں پر تعینات افواج کو چو بیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا’’ہم الرٹ ہیں۔ ہم دراندازوں کو سرحد کے اس پار داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ جو دراندازی کرنے میں کامیاب ہوں گے ان کو کشمیری عوام کی مدد سے ہلاک کیا جائے گا‘‘۔
ان کاکہنا تھا’’پاکستان ہمیشہ کی طرح دراندازی کرنے کی کوششیں کررہا ہے لیکن بی ایس ایف بھی ہمیشہ کی طرح الرٹ ہے ، ہم بھی پوری طرح مستعد اور تیار ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم سرحد پر بھی اور اندر بھی چاق وچوبند ہیں اور موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر درندازی کی کوششوں کو ناکام کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج کو جدید آلات فراہم کئے گئے ہیں جس سے وہ رات کے دوران بھی دراندازوں کی حرکات و سکنات پر نظر گزر رکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے تین روز کے دوران جموں اور کشمیر میں چار دراندازی کے واقعات کو ناکام بنایا گیا جس دوران ایک پاکستانی فدائین کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔