نئی دہلی//
مرکزی وزیر داخلہ‘ امت شاہ نے ہفتہ کو یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ایمس کے ٹراماسینٹر جاکر وہاں داخل انڈو تبت باڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)کے زخمی جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی صحت کی معلومات حاصل کی۔
جموں کشمیر کے پہلگام میں بس حادثے میں زخمی ہوئے جوانوں کانسٹبل بلونت سنگھ، تسیوانگ دورجے اور کانسٹبل ببلو کمار کو سری نگر سے خاص ایمبولنس کے ذریعے ایمس ٹراما سینٹر میں لایا گیا تھا۔
ڈاکٹروں نے شاہ کو جوانوں کی صحت اور مستقبل میں اپنائی جانے والی طبی عمل کے بارے میں معلومات فراہم کی۔ فورس کے سینئر افسران نے بھی وزیر داخلہ کو زخمیوں کی حالت کے بارے میں اطلاع دی۔ وزیر داخلہ نے زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی۔
امر ناتھ یاترا میں ڈیوٹی پوری ہونے کے بعدآئی ٹی بی پی کے جوان۱۶؍اگست کو چندن واڑی لوٹ رہے تھے کہ اچانک ان کی بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں سات جوان کی موت ہو گئی تھی جبکہ ۳۲زخمی ہو گئے تھے ۔ زخمی جوانوں کو اسی دن سری نگر لایا گیا تھا۔
سنگین طور پر زخمی تین جوانوں کو بہتر علاج کیلئے سرینگر سے خاص ائر ایمبولنس کے ذریعے جمعہ کو ٹراما سینٹر، ایمس لایا گیا۔