سرینگر///
جموںکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گوپال پورہ چاڈورہ میں ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث دو ہائبرڈ جنگجوؤں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پندرہ اگست کی شام کو ملی ٹینٹوں نے گوپال پورہ چاڈورہ میں رہائشی مکان پر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں ایک مقامی شہری زخمی ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے بعد پولیس نے جانچ پڑتال شروع کی جس دوران دو ہائبرڈ جنگجوؤں کے ملوث ہونے کے بارے میں پتہ چلا جس کے بعد دونوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار ہائبرڈ جنگجوؤں کی شناخت ساہل وانی اور الطاف فاروق عرف عامر کے بطور ہوئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرینیڈ حملے کو انجام دینے کی خاطر استعمال میں لائی گئی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔
دریں اثناجموںکشمیر پولیس نے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں دوبارہ ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے والے جنگجو کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایاکہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز بانڈی پورہ میں ملی ٹینٹ کی گرفتاری عمل میں لائی۔
ذرائع نے گرفتار جنگجو کی شناخت امتیاز احمد بیگ عرف عنا بھائی ولد عبدل نواب بیگ ساکن بیگ محلہ فتح پورہ بارہ مولہ کے بطور کی۔
اُن کے مطابق گرفتار ملی ٹینٹ کے قبضے سے ایک اے کے رائفل، دو میگزین اور۵۶گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔