موبائل فون و اسمارٹ واچ پر پابندی‘ بائیومیٹرک تصدیق اور چہرے کی شناخت لازمی
(ایجنسیاں )
سرینگر؍۲۸نومبر
جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) نے محکمہ داخلہ میں سب انسپکٹر کی اسامیوں کے لیے۲۹ نومبر کو منعقد ہونے والے تحریری امتحان کے سلسلے میں امیدواروں کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ بورڈ نے امتحانی مراکز میں بائیومیٹرک تصدیق اور چہرے کی شناخت کے نظام کو لازمی قرار دیا ہے۔
بورڈ کے مطابق امیدواروں کو گیٹ بند ہونے کے مقررہ وقت سے کم از کم دو گھنٹے قبل امتحانی مراکز پہنچنا ہوگا تاکہ بائیومیٹرک تصدیق، چہرے کی شناخت اور سیکیورٹی جانچ کا عمل مکمل کیا جاسکے۔
ہدایت نامے کے مطابق ایڈمٹ کارڈ پر بائیومیٹرک تصدیق کا ہولوگرام لگائے بغیر کسی امیدوار کو امتحانی ہال میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امتحان کے دوران مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں، سگنل جیمرز اور جدید تصدیقی نظام کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
بورڈ نے امتحانی مراکز میں موبائل فون، اسمارٹ واچ، بلوٹوتھ آلات، ایئر فون، کیمرے، کیلکولیٹر، الیکٹرانک قلم، ڈیٹا اسٹوریج آلات اور دیگر مواصلاتی یا الیکٹرانک اشیاء لانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ہدایات کے مطابق ممنوعہ اشیاء محض اپنے پاس رکھنے کو بھی نقل یا غیر منصفانہ ذرائع کے استعمال کا معاملہ تصور کیا جائے گا، خواہ ان کا استعمال نہ بھی کیا گیا ہو۔ ایسی صورت میں امیدوار کی امیدواری منسوخ کرنے سمیت ضابطوں کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔
امیدواروں کو کتابیں، ہاتھ سے لکھے نوٹس، بٹوہ، ہینڈ بیگ، زیورات اور کھانے پینے کی اشیاء لانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ امتحان کے دوران کسی دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دینا، نقل میں مدد لینا یا فراہم کرنا، امتحانی مواد کا تبادلہ، مختص نشست تبدیل کرنا اور نگران عملے کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر بھی امیدوار کو نااہل قرار دیا جاسکتا ہے اور مستقبل کے امتحانات میں شرکت سے روکا جاسکتا ہے۔
بورڈ نے موٹے تلووں والے جوتے اور بڑے دھاتی بٹنوں یا خفیہ جیبوں والے ملبوسات پہن کر آنے والے امیدواروں کو بھی امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
امتحان میں شرکت کے لیے امیدواروں کو اپنے ساتھ ایڈمٹ کارڈ کی پرنٹ شدہ نقل، خود اعلانیہ، اصل شناختی کارڈ اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران کھنچوائی گئی دو رنگین تصاویر لانا لازمی ہوگا۔
امتحانی مرکز میں صرف شفاف پانی کی بوتل‘۵۰ ملی لیٹر تک ہینڈ سینیٹائزر، سادہ نیلے یا کالے رنگ کا بال پوائنٹ قلم، ایڈمٹ کارڈ، تصاویر اور اصل شناختی دستاویز ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔
بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ایڈمٹ کارڈ کے دونوں صفحات، جن میں امیدوار اور امتحانی مرکز کی تفصیلات کے علاوہ اہم ہدایات درج ہیں، ڈاؤن لوڈ کرکے ساتھ لانا ضروری ہے۔ اسکین شدہ یا فوٹو کاپی شدہ ایڈمٹ کارڈ قبول نہیں کیے جائیں گے۔ امتحان کے بعد اصل ایڈمٹ کارڈ حکام جمع کرلیں گے، اس لیے امیدواروں کو اپنے پاس ایک اضافی نقل رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مقررہ وقت پر گیٹ بند ہونے کے بعد کسی امیدوار کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور امتحان ختم ہونے سے پہلے امتحانی ہال چھوڑنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جن امیدواروں کی ایڈمٹ کارڈ پر موجود تصویر ان کی موجودہ شکل سے مطابقت نہیں رکھتی، انہیں امتحان سے پہلے جے کے ایس ایس بی کے جموں یا سرینگر میں واقع مرکزی دفتر سے رابطہ کرنے یا ای میل کے ذریعے شکایت درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ امتحان کے دن مراکز میں ایسی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
بورڈ نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایک روز قبل اپنے امتحانی مراکز کا دورہ کریں، ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ جاری تمام ہدایات کا بغور مطالعہ کریں اور تازہ معلومات کے لیے بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ باقاعدگی سے دیکھتے رہیں۔
جے کے ایس ایس بی نے امیدواروں کو اپنے لاگ اِن کی تفصیلات کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر نہ کرنے اور امتحانی ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
۔۔۔۔۔










