لو جی، لوگ کہتے تھے کہ کشمیر……. معاف کیجئے، ہمارا مطلب ہے کہ لوگ کہتے تھے کہ جموں و کشمیر کے دو سب سے بڑے اور طاقتور لیڈروں میں کچھ بھی مشترکہ نہیں ہے ……. بالکل بھی نہیں ہے۔ ان کے مطابق ایل جی سنہا اور اپنے وزیر اعلیٰ عمر میں قطبین کا فرق ہے اور دیکھئے ہم نادان بھی ان کی ان باتوں میں آ گئے اور یقین کر بیٹھے کہ یقیناً ان دونوں میں کچھ بھی مشترکہ نہیں ہے ……. مشترکہ نہیں ہو سکتا ہے۔ لیکن دیکھئے کہ ایسا کہنے والے بھی غلط ثابت ہوئے اور ہم بھی، کہ ان دونوں میں یقیناً ایک بات مشترکہ ہے اور وہ ہے خاموشی ……. کم از کم ایک مدعے، ایک ایشو پر خاموشی ……. ایسی خاموشی جو دونوں نے اختیار کی ہوئی ہے۔ کشمیر میں باقی سبھی چیخ رہے ہیں، چلا رہے ہیں ……. شیش ناگ جھیل کے حوالے سے انہوں نے شور و غوغا مچا رکھا ہے ……. لیکن مجال کہ اپنے سنہا صاحب یا عمر صاحب نے منہ بھی کھولا ہو ……. یہ کچھ اس طرح سے خاموش بیٹھے ہیں کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ہو ……. ہم تو مان کر چل رہے ہیں کہ کچھ بھی نہیں ہوا ہے ……. بالکل بھی نہیں ہوا ہے اور ہم الطاف کلو کی ’آل اِز ویل‘ والی بات کو ہی سچ ماننے کے لیے تیار ہیں ……. اور اس لیے تیار ہیں کہ ہم سیاستدان نہیں ہیں ……. وہ بھی اپوزیشن میں بیٹھے سیاستدان جو اب بھی کلو صاحب کی بات کو سچ ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں ……. بالکل بھی نہیں ہیں۔ اگر وہاں کچھ نہیں ہوا ہے، وہ سب تو بالکل بھی نہیں جس کے ہونے کی باتیں کی جا رہی ہیں، تو دونوں ……. سنہا صاحب اور عمر صاحب اتنا ہی کہتے ……. یہ کہتے کہ کیوں آسمان سر پر اٹھا رہےہو اور ایک نان ایشو کو ایشو بنا رہے ہو ……. لیکن ان حضرات نے یہ بھی نہیں کہا اور خاموشی سے، دور سے تماشا دیکھتے رہے ……. ہم بھی دیکھتے رہے، اس بات کو دیکھتے رہے کہ بھلا یہ کیسے ممکن ہے، یہ تو ممکن ہو ہی نہیں سکتا ہے کہ ان دونوں میں کچھ بھی مشترکہ ہو ……. لیکن ممکن ہوا ……. یہ ممکن ہوا کہ سنہا صاحب اور عمر صاحب دونوں نے اپنے منہ بند رکھے اور زبان بھی ……. جبکہ باقی سب نے اپنی زبانیں دراز کر لی ہیں ……. شیش ناگ تک۔ ہے نا؟
۔۔۔۔۔۔۔




