سیاست غلط نہیں ہے، لیکن اس میں بہت کچھ غلط ہوتا ہے اور ……. اور اس میں جو غلط ہوتا ہے، وہ خودبخود نہیں ہوتا، بالکل بھی نہیں ہوتا، بلکہ غلط سیاستدان کرتے ہیں اور اس لیے کرتے ہیں کہ سیاستدان یہ مان کر چلے ہیں، بلکہ ہول سیل میں چلے ہیں کہ سیاست میں غلط ہی کرنا ہے ……. کہ اگر سیاست میں غلط نہیں کیا تو وہ سب کچھ ہوں گے، لیکن سیاستدان نہیں ہوں گے، بالکل بھی نہیں ہوں گے۔شیش ناگ تنازعے پر بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالانکہ این سی کے الطاف کلو نے ’شیش ناگ محفوظ ہے‘ کا اعلان تو کر ڈالا، لیکن کیا کیجیے گا کہ ……. کہ یہ کشمیر ہے اور یہاں جو سچ ہوتا ہے، وہ سچ نہیں ہوتا ہے ……. یعنی وہ ہر کسی کے لیے سچ نہیں ہوتا ہے اور اس لیے نہیں ہوتا ہے کیونکہ یہاں ہر کسی کا اپنا سچ ہے۔بی جے پی کا یہ سچ ہے کہ میڈم جی ……. میڈم محبوبہ جی پاکستان اور آئی ایس آئی کی ہدایت پر وادی کے خرمنِ امن میں آگ لگانا چاہتی ہیں۔ بی جے پی کا یہ بھی سچ ہے کہ جب کئی ترقیاتی منصوبوں کے دوران کشمیر کے ماحولیات کی بینڈ بجا دی گئی تو تب میڈم جی کہاں تھیں اور خاموش کیوں تھیں؟ یہ رہا بی جے پی کا سچ۔بی جے پی کے اس سچ کے جواب میں یہ سچ پیش ہے کہ ……. جب ماضی میں وادی کے ماحولیات کی بینڈ بجائی جا رہی تھی تو اس وقت بی جے پی اور اس کے مقامی لیڈر کہاں تھے؟ اگر میڈم جی خاموش تھیں تو انہوں نے آواز کیوں نہیں اٹھائی؟ وہ خاموش تماشائی کیوں بنے رہے؟ کہ ……. کہ ایک غلطی کا جواب دوسری غلطی سے دینا درست نہیں۔ اگر شیش ناگ میں کچھ غلط ہو رہا ہے تو اسے اس لیے صحیح نہیں قرار دیا جا سکتا کہ ماضی میں بھی غلط ہوا ہے۔ایک اور سچ بھی ہے اور وہ ہے این سی کا سچ، جس کا جاننا اور ماننا ہے کہ شیش ناگ تنازعہ اصل میں بی جے پی اور پی ڈی پی نے مل کر بنایا ہے تاکہ کشمیر کے مسلمانوں کو بدنام کیا جائے ……. ملک بھر میں کیا جائے تاکہ یو پی اور پنجاب میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ووٹ بٹورے جائیں۔ٹھہریے! ایک اور سچ ہے، وہ سچ عام لوگوں کا سچ ہے، کشمیریوں کا سچ ہے۔ یہ سچ کہ انہیں بھروسہ الزام لگانے والوں پر ہے اور نہ صفائی دینے والوں پر اعتماد ہے۔ ہے نا؟


