نہیں صاحب! آپ یہ مان لیجیے کہ آپ سے غلطی ہوئی ہے۔ یہ یقیناً آپ کی غلطی ہوگی، اگر آپ اس غلطی کو تسلیم نہیں کریں گے ……. آپ کو یہ غلطی اس لیے بھی تسلیم کرنی ہوگی کیونکہ اللہ میاں کی قسم، آپ سے اس غلطی کی توقع نہیں تھی، بالکل بھی نہیں تھی۔ اگر آپ کی جگہ کوئی اور ہوتا تو ہم اسے کہتے کہ صاحب! ہم نے آپ کو کیا سمجھ رکھا تھا اور آپ کیا نکلے ……. جو آپ نکلے، وہ ہم نے آپ کو بالکل بھی نہیں سمجھ رکھا تھا ……. بالکل بھی نہیں۔جی ہاں، ہم بات کر رہے ہیں اپنے راہل گاندھی کی ……. ان کے اس بیان کی جس میں انہوں نے فلسطین اور اسرائیل کو ایک ہی ترازو میں تولنے کی ایک غیر منصفانہ کوشش کی ……. اور سو فیصد کی۔ یقیناً۷؍ اکتوبر کو حماس نے اسرائیلیوں ……. عام اسرائیلیوں کے ساتھ جو کیا، اس کا کوئی جواز نہیں تھا، بالکل بھی نہیں تھا ……. وہ دہشت گردی تھی اور کچھ نہیں۔ لیکن راہل بابا! اگر آپ اس واقعے ……. دہشت گردی کے اس واقعے کے جواب میں اسرائیلی حکومت کے غیر متوازن، غیر مساوی اور غیر انسانی جواب کو ترازو کے ایک ہی پلڑے میں تولیں گے تو صاحب! یہ تو انصاف نہیں ……. کہاں۱۲۰۰؍اور کہاں۷۵ ہزار، کہاں ایک مکان کی اینٹ بھی اپنی جگہ سے ہل پائی اور کہاں غزہ کے کھنڈرات ……. کہاں روتے بلکتے بچے، کہاں اسپتالوں پر بمباری ……. کہاں ڈاکٹروں اور صحافیوں کو چن چن کر نشانہ بنانا اور کہاں کچھ بھی نہیں۔راہل بابا! آپ ایک قومی جماعت کے قائد ہیں ……. آپ کی کچھ سیاسی مجبوریاں ہو سکتی ہیں ……. کچھ سیاسی مصلحتیں بھی ہو سکتی ہیں ……. ان سے ہمیں کوئی سروکار نہیں ……. لیکن ……. لیکن صاحب! آپ نے غزہ میں اسرائیلی کارروائی کو جس ہلکے انداز میں پیش کیا ……. یا پیش کرنے کی کوشش کی، جناب! یہ تو وہ محبت کی دکان نہیں تھی ……. بالکل بھی نہیں تھی ……. جس کے آپ دکاندار بنے پھرتے ہیں ……. مالک بنے پھرتے ہیں۔اب آپ کے اور مودی جی کے موقف میں ہمیں کوئی فرق نظر نہیں آ رہا ہے ……. مودی جی کی بات ہم اس لیے کر رہے ہیں کہ ……. کہ آپ اور آپ کی جماعت اسرائیل اور فلسطین کے حوالے سے مودی جی کی پالیسی، ان کے موقف، ان کے نظریے کی مخالفت کرتے رہتے ہیں ……. لیکن جناب! جب آپ کی باری آئی تو ……. تو اللہ میاں کی قسم، ہمیں آپ بھی اسی صف میں نظر آئے جہاں آپ مودی جی کو کھڑا کر دیتے ہیں۔ ہے نا؟



