کشمیر کی سیاسی جماعتوں کا سوال ‘ماحولیاتی نقصان کے خدشات پر تحقیقات اور ماہرین کے معائنے کا مطالبہ
کام موجودہ راستوں تک محدود ‘سوشل میڈیا پر نئی تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق گردش کرنے والے دعوے غلط: بی آر او
(ندائے مشرق خبر)
سرینگر؍۲۳ نومبر
شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری کے استعمال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو نے کشمیر کی سیاسی جماعتوں میں تشویش پیدا کردی ہے، جنہوں نے اس حساس اور ماحولیاتی اعتبار سے نازک علاقے میں تعمیراتی سرگرمیوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔
سیاسی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہمالیہ کے بلند علاقوں میں ترقیاتی کام ماحولیات کے تحفظ اور سائنسی اصولوں کو مدنظر رکھ کر انجام دیے جانے چاہئیں۔
اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے حکام سے مطالبہ کیا کہ شیش ناگ جھیل کے قریب جے سی بی کے استعمال سے متعلق ویڈیو کی صداقت واضح کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ویڈیو حقیقی ہے تو حکومت کو وضاحت کرنی چاہیے کہ بلند پہاڑی علاقے میں واقع ایک حساس گلیشیائی جھیل کے قریب بھاری مشینری کس مقصد کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر غیر منصوبہ بند تعمیرات اور انسانی مداخلت کے باعث پہلے ہی گلیشیئرز، آبی ذخائر اور قدرتی مسکن کے نقصان کا سامنا کرچکا ہے اور ایسے حساس ماحول کو مزید نقصان پہنچانے کی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شفافیت یقینی بنائیں اور قدرتی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔ بخاری نے کہا کہ ترقیاتی کام اس ماحول کو تباہ کرنے کی قیمت پر نہیں ہونے چاہئیں جو خود انسانی زندگی کو برقرار رکھتا ہے۔
سی پی آئی (ایم) کے رہنما اور کولگام کے رکن اسمبلی ایم وائی تاریگامی نے شیش ناگ جھیل کے قریب جے سی بی جیسی بھاری مشینری کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو، جس میں جھیل کے قریب زمین کو کاٹنے اور ہموار کرنے کے لیے مشینری استعمال ہوتی دکھائی دے رہی ہے، انتہائی تشویشناک ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کام امرناتھ یاترا راستے کے ساتھ سڑک کی ترقی سے متعلق ہے۔
تاریگامی نے کہا کہ شیش ناگ کوئی عام آبی ذخیرہ نہیں بلکہ ایک گلیشیائی جھیل ہے، جس کے اطراف ڈھیلے موراائن اور کھڑی ڈھلوانیں موجود ہیں۔ ان کے مطابق یہ جھیل جموں و کشمیر کی۱۴ انتہائی خطرے سے دوچار گلیشیائی جھیلوں میں شامل ہے اور ایسے حساس علاقے میں بھاری مشینری کے ذریعے مداخلت تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔
کمیونسٹ لیڈ رنے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی مخالفت نہیں کی جا رہی، کیونکہ یاتریوں، سیاحوں اور مقامی لوگوں کو محفوظ راستوں اور بہتر سہولیات کی ضرورت ہے، تاہم ہمالیہ کے حساس علاقوں میں ترقی فطرت کے ساتھ ہم آہنگ، ماحول دوست اور پائیدار ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق ایسے علاقوں میں کسی بھی کام سے پہلے سائنسی مطالعہ، ماحولیاتی اثرات کا جائزہ اور ماہرین و مقامی آبادی سے مشاورت ضروری ہے۔
تاریگامی نے نیپال میں حالیہ گلیشیائی سانحے، سکم کی ساؤتھ لوناک جھیل کے۲۰۲۳ میں پھٹنے اور کیدارناتھ میں۲۰۱۳ کے سانحے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعات قدرت کی جانب سے واضح انتباہ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گلیشیائی علاقوں میں انسانی مداخلت کے سنگین نتائج مرتب ہوسکتے ہیں، جن کا خمیازہ پہلگام، دریائے لدر کے کناروں اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔
کولگام کے ممبر اسمبلی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جھیل اور اس کے اطراف کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی کام کو فوری طور پر روکا جائے، جاری سرگرمیوں، متعلقہ ادارے اور اجازت ناموں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں اور گلیشیائی و ماحولیاتی ماہرین کی ٹیم کو جلد علاقے کا معائنہ کرنے کے لیے بھیجا جائے۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کی صداقت اور شیش ناگ جھیل جیسے حساس مقام پر بھاری مشینری کے استعمال کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ کشمیر پہلے ہی غیر منصوبہ بند تعمیرات اور انسانی مداخلت کے باعث آبی ذخائر، گلیشیئرز اور قدرتی مسکن کے نقصان کا سامنا کرچکا ہے، اس لیے مزید ماحولیاتی نقصان کا خطرہ مول نہیں لیا جاسکتا۔
تاہم، بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے ان خدشات کے درمیان وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امرناتھ یاترا کے بعد راستوں پر جاری کام تمام مقررہ حفاظتی ضوابط اور ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں کے مطابق انجام دیے جا رہے ہیں۔
بی آر او نے پیر کو جاری بیان میں سوشل میڈیا پر نئی تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق گردش کرنے والے دعوؤں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ کھدائی سے نکلنے والے مواد کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے، قدرتی نکاسی آب کے نظام کو محفوظ رکھنے اور اردگرد کے علاقے میں کم سے کم خلل پیدا کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔
بی آر او کے مطابق گزشتہ یاترا کے تجربات اور شری امرناتھ جی یاترا کے لیے وسیع راستوں کی ضرورت کے پیش نظر موجودہ راستوں کو کشادہ کرنے کا کام شروع کیا گیا ہے، جس میں حساس حصوں کو مستحکم بنانے اور راستوں کی مقررہ معیار کے مطابق توسیع پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بھیڑ کم ہو اور یاتریوں کی آمدورفت زیادہ محفوظ ہوسکے۔
ادارے نے واضح کیا کہ یہ کام موجودہ راستوں تک محدود ہیں اور اس کا بنیادی مقصد یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ بی آر او کے مطابق راستوں کو زیادہ محفوظ اور قابل رسائی بنانے سے یاتریوں، یاترا سے متعلق اہلکاروں اور دیگر افراد کو فائدہ پہنچے گا اور یہ کام وسیع تر عوامی مفاد میں انجام دیے جا رہے ہیں۔










