دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے کاروبار میں ملوث عناصر کی دکانیں بند کر دی گئیں، لیفٹیننٹ گورنر سنہا کا دعویٰ
’ کئی دہائیوں تک ایسا ماحول بنایا گیا تھا جس میںاسکول اور کاروباری ادارے سال کے نصف حصے میں بند رہتے تھے‘
(ایجنسیاں )
جموں؍۱۸نومبر
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ادھم پور میں شیرِ کشمیر پولیس اکیڈمی (ایس کے پی اے) میں زیر تربیت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پیز)، سب انسپکٹروں اور محکمہ جنگلات کے حفاظتی دستے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کیا۔
اس موقع پر جموں و کشمیر پولیس کے بہادر جوانوں رشپال کمار اور بابی چند کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ان کی ہمت، لگن اور عظیم قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ پوری قوم ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود، عزت و وقار اور تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’میرے لیے ایک شہید کا گھر سب سے بڑا مندر اور مقدس زیارت گاہ ہے۔ میں ان کے اہل خانہ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ سچ ہے کہ کوئی بھی معاوضہ ایک قیمتی انسانی زندگی کا بدل نہیں ہو سکتا، تاہم یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک کے ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ ایک باعزت اور باوقار زندگی گزار سکیں۔‘‘
سنہا نے مزید کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ شہدا کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے تاکہ ان کے بچوں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور روشن رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر شہری ان بہادر سپوتوں کی جرأت، لگن اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہے۔
تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والے۷۴؍ افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ان نوجوان افسران نے قومی خدمت کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیے باعث فخر ہے اور اس سے عوامی خدمت اور بہادری کی اس کی شاندار تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔
نئے تعینات ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پولیسنگ اور ماحولیات کا تحفظ ایک مقدس ذمہ داری ہے، جس کے لیے قربانی، عزم اور فرض شناسی کا گہرا احساس ضروری ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، مشکل حالات میں امن و قانون برقرار رکھنے اور کئی دہائیوں پر محیط لگن اور قربانیوں کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں جموں و کشمیر پولیس کی مثالی کارکردگی کو اجاگر کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ وردی کو فخر اور ذمہ داری کے ساتھ پہنیں اور ان لوگوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں جنہوں نے ان سے پہلے اس وردی کا وقار برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی امن اور ترقی کے لیے بدستور سب سے بڑا خطرہ ہے، تاہم انہیں یقین ہے کہ مسلسل کوششوں سے جموں و کشمیر میں سلامتی اور استحکام مزید مضبوط ہوگا۔
ایل جی سنہا نے کہا، ’’اب صرف چند غیر ملکی دہشت گرد باقی رہ گئے ہیں اور جموں و کشمیر جلد ہی دہشت گردی سے پاک ہوگا۔ کئی دہائیوں تک ایسا ماحول بنایا گیا تھا جس میں دکانیں، اسکول اور کاروباری ادارے سال کے نصف حصے میں بند رہتے تھے۔ جموں و کشمیر میں تنازعات سے فائدہ اٹھانے والے عناصر دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے کاروبار میں مصروف تھے۔ لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ملک نے ان عناصر کو ایک زبردست ضرب پہنچائی اور تنازعات سے فائدہ اٹھانے والوں کی دکانیں بند کر دی گئیں۔‘‘
سلامتی کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کو اجاگر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے سائبر خطرات، ڈیجیٹل انتہا پسندی، ڈرون کے ذریعے لاحق خطرات، منشیات سے جڑی دہشت گردی اور غیر روایتی جنگ کی دیگر اقسام سے نمٹنے کے لیے جدید طرز کی پولیسنگ اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے سلامتی سے متعلق چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی پر عبور، فرانزک صلاحیتوں، خفیہ معلومات جمع کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان تال میل کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
سنہا نے کہا، ’’آج سلامتی کو خطرہ صرف بندوق سے نہیں بلکہ موبائل کی اسکرین کے ذریعے بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ اگر ہم آج کے چیلنجوں کا مقابلہ کل کے طریقوں سے کریں گے تو ہم پیچھے رہ جائیں گے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہر جوان اور ہر افسر نہ صرف دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مہارت حاصل کرے بلکہ ڈیجیٹل آلات، فرانزک سائنس، سائبر فرانزک، ڈیجیٹل شواہد اور نگرانی کی ٹیکنالوجی سے بھی پوری طرح واقف ہو۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے عوام کے ساتھ رابطے اور مؤثر بیٹ پولیسنگ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ بہتر حکمرانی کے لیے شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ حساسیت، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد برقرار رکھنا پولیس کی اہم ترجیح ہونی چاہیے اور امن و قانون کی صورتحال میں بہتری نے جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری، سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
ایل جی نے کہا، ’’گزشتہ چھ برسوں کے دوران جموں و کشمیر میں امن کے حامیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جموں و کشمیر کا ہر شہری محفوظ گھر، بہتر تعلیم، روزگار، کاروباری مواقع اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کا خواہاں ہے۔ اب آپ کو نہ صرف ان کی سلامتی کا محافظ بننا ہے بلکہ ان کے اعتماد کی حفاظت بھی کرنی ہے۔‘‘
اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے پریڈ کا رسمی سلامی لی اور اس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو اعزازات سے بھی نوازا۔نوجوان افسران کو اپنے فرائض لگن اور دیانت داری کے ساتھ انجام دینے کا حلف بھی دلایا گیا۔










