جمعرات, نومبر 19, 2026
  • ePaper
Mashriq Kashmir
  • پہلا صفحہ
  • تازہ تریں
  • اہم ترین
  • مقامی خبریں
  • قومی خبریں
  • عالمی خبریں
  • اداریہ
  • سچ تو یہ ہے
  • رائے
  • بزنس
  • کھیل
  • آج کا اخبار
No Result
View All Result
Mashriq Kashmir
  • پہلا صفحہ
  • تازہ تریں
  • اہم ترین
  • مقامی خبریں
  • قومی خبریں
  • عالمی خبریں
  • اداریہ
  • سچ تو یہ ہے
  • رائے
  • بزنس
  • کھیل
  • آج کا اخبار
No Result
View All Result
Mashriq Kashmir
No Result
View All Result
Home اہم ترین

کولگام تصادم آرائی میں لشکر کمانڈر لطیف بھٹ مارا گیا

Nida-i-Mashriq by Nida-i-Mashriq
2026-11-19
in اہم ترین, تازہ تریں, ٹاپ سٹوری
A A
کولگام تصادم آرائی میں لشکر کمانڈر لطیف بھٹ مارا گیا
FacebookTwitterWhatsappTelegramEmail

 

محصور علاقے سے ۲۷ شہریوں کو بحفاظت نکالا گیا

(ویب ڈیسک)

متعلقہ

’جموںکشمیر جلد دہشت گردی سے پاک ہو گا‘

چناب ویلی میں شدید سردی کی لہر: اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا مطالبہ

سری نگر؍۱۸نومبر

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں بدھ کے روز سکیورٹی فورسز نے ایک تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر لطیف بھٹ کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق وہ۱۱ نومبر کو سی آر پی ایف کی چوکی پر ہوئے حملے کے سلسلے میں مطلوب تھا۔

حکام نے بتایا کہ مذکورہ دہشت گرد جنوبی کشمیر کے دیوسر علاقے کے زنگل پورہ گاؤں میں واقع ایک مسجد کے اندر چھپا ہوا تھا اور فوج و پولیس کے سینئر افسران کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کی بار بار اپیلوں کے باوجود اس نے خودسپردگی سے انکار کیا۔

ایک افسر نے کہا، ’’لطیف بھٹ مارا گیا ہے اور تصادم کی جگہ سے اس کی لاش کے ساتھ ایک ہتھیار بھی برآمد کیا گیا ہے۔‘‘

سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل جی پی سنگھ نے اس کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی سراہنا کی۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا، ’’شاباش جوانو! بعض بدلے ٹھنڈے ہی اچھے لگتے ہیں، یہاں تک کہ سرد موسم میں بھی۔‘‘

کشمیر زون پولیس نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’تصادم کی جگہ سے ایک ہلاک کیے گئے دہشت گرد کی لاش اور ایک ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔ مشترکہ آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گرد کی شناخت محمد لطیف بھٹ ساکنہ کھریون، کُلگام کے طور پر ہوئی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔‘‘

حکام کے مطابق لطیف بھٹ اور اس کا ساتھی عمر نثار ڈار۱۱ نومبر کو کُلگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے میں ملوث تھے، جس میں تین نیم فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

عمر نثار ڈار پیر کے روز ضلع کے لارو بائی پاس علاقے میں ایک فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارا گیا تھا، جبکہ لطیف بھٹ اس وقت سکیورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

بدھ کی علی الصبح مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فوج نے جموں و کشمیر پولیس کے خصوصی آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے خصوصی دستے کے ساتھ مل کر زنگل پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ یہ علاقہ پیر کے روز پیش آئے تصادم کی جگہ سے تقریباً نو کلومیٹر دور واقع ہے۔

کولگام کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عنایت علی چودھری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جس مسجد میں لطیف بھٹ چھپا ہوا تھا، اس کا محاصرہ سخت کرنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے مذہبی مقام کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط برتی اور اسے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کے لیے طویل کوششیں کیں۔

چودھری نے کہا، ’’ہم نے بہت کوشش کی اور لطیف سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی۔ میں نے اور فوج کے کمانڈنگ آفیسر (سی او) نے ایک فون پر ویڈیو کال کے ذریعے اس کے ساتھ کافی دیر تک بات چیت کی، جو مسجد کے اندر بھیجا گیا تھا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ افسران نے اسے سمجھایا کہ وہ ابھی نوجوان ہے اور اسے خودسپردگی اختیار کرنی چاہیے، تاہم اس نے ان کی اپیل مسترد کر دی۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے مسجد میں چھپے دہشت گرد سے ہتھیار ڈالنے کی اپیلوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔

ایس ایس پی کے مطابق جب لطیف بھٹ نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی تو دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ فورسز نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں وہ مارا گیا۔

دریں اثنا جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں بدھ کے روز اس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب یہ انکشاف ہوا کہ ایک مسجد سے متصل دارالعلوم میں۲۵ طالبات اور دو اساتذہ موجود ہیں۔ اسی مسجد میں لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر محمد لطیف بھٹ چھپا ہوا تھا اور سکیورٹی فورسز اس کے خلاف آخری کارروائی شروع کرنے والی تھیں۔

حکام کے مطابق مسجد سے شدید فائرنگ کے باوجود فوج کی۹ راشٹریہ رائفلز کے ایک افسر نے رضاکارانہ طور پر آگے بڑھ کر اپنے ایک ساتھی اہلکار کے ہمراہ متصل مدرسے میں داخلہ لیا اور تمام۲۷ شہریوں کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا۔

شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے بعد۹ راشٹریہ رائفلز اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں نے آخری کارروائی شروع کی۔ دہشت گرد کو باہر نکالنے کے لیے مسجد کے اندر آنسو گیس کے گولے داغے گئے، جبکہ اس کے فرار ہونے کے تمام راستے بند رکھنے کے لیے سخت محاصرہ برقرار رکھا گیا۔ حکام کے مطابق اس دوران انتہائی احتیاط برتی گئی تاکہ مذہبی عمارت کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

کامیاب آپریشن کی تکمیل کے بعد شمالی فوجی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، جو جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف ہیں، نے جنوبی کشمیر میں تعینات فوجی اہلکاروں سے ملاقات کی۔

آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے حکام نے کہا کہ مخصوص خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد ایک سرچ پارٹی مقامی شہریوں کے ہمراہ مسجد میں داخل ہوئی، جہاں بالائی منزل پر ایک کمرہ اندر سے بند پایا گیا۔

جب اندر موجود شخص کو باہر آنے کے لیے کہا گیا تو اس نے فائرنگ شروع کر دی، جس سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ مسجد کے اندر لطیف بھٹ موجود ہے، جس کے سر پر۱۵ لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔

جنوبی کشمیر میں تعینات فوج کے اعلیٰ افسران نے اس مرتبہ یہ یقینی بنانے کا عزم کیا تھا کہ لطیف بھٹ محاصرے سے فرار نہ ہونے پائے، جیسا کہ وہ ماضی میں متعدد مواقع پر ایسا کرنے میں کامیاب رہا تھا۔ اس سے قبل۸ جولائی کو شوپیاں میں ایک تصادم کے دوران بھی وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا، جس میں ایک اور دہشت گرد ذاکر مارا گیا تھا۔

۱۱ نومبر کو کولگام میں سی آر پی ایف کی چوکی پر لطیف بھٹ اور اس کے ساتھی عمر ناصر ڈار کے حملے کے بعد، جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے، سکیورٹی فورسز نے کُلگام اور اس سے متصل شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کیں۔

ان کارروائیوں کے لیے فوج، ایس او جی اور سی آر پی ایف کے تقریباً۲ ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے، جنہیں موبائل بنکر کمانڈ پوسٹ (ایم بی سی پی) کی مدد بھی حاصل تھی۔ تلاشی کی کارروائیاں مختلف علاقوں میں مربوط حکمت عملی کے تحت انجام دی گئیں۔

ایک سینئر افسر نے کہا ’’۱۱ نومبر سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ بعض علاقوں میں آبادی کی کثافت زیادہ ہونے کی وجہ سے تلاشی کا عمل مکمل کرنے میں ہمیں تقریباً تین دن لگے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں عام لوگوں کو کچھ مشکلات کا سامنا ضرور کرنا پڑا ہوگا، تاہم کسی بھی قسم کی زیادتی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

لطیف بھٹ نے اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد بڑھئی کا کام کیا تھا۔ اس کی عمر بیس برس کے اوائل میں تھی۔ نومبر۲۰۲۵میں اسی روز وہ لاپتہ ہوگیا تھا جس کے بعد لشکر طیبہ اور اس کی ذیلی تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) میں شامل ہوا۔

سکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق وہ جنوبی کشمیر میں پیش آئے کئی دہشت گردانہ واقعات کا اہم ملزم تھا۔ ان واقعات میں۲۲ جولائی کو اننت ناگ میں انڈین ریزرو پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین قریشی کا قتل اور۳۱ جولائی کو کُلگام میں چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے دو غیر مقامی مزدوروں کا ہدف بنا کر قتل کیا جانا بھی شامل ہے۔ (ایجنسیاں)

ShareTweetSendShareSend
Previous Post

’جموں کشمیر میں مقامی دہشت گردوں کی بھرتی صفر پر پہنچ گئی‘

Next Post

چناب ویلی میں شدید سردی کی لہر: اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا مطالبہ

Nida-i-Mashriq

Nida-i-Mashriq

Related Posts

’جموںکشمیر جلد دہشت گردی سے پاک ہو گا‘
اہم ترین

’جموںکشمیر جلد دہشت گردی سے پاک ہو گا‘

2026-11-19
چناب ویلی میں شدید سردی کی لہر: اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا مطالبہ
اہم ترین

چناب ویلی میں شدید سردی کی لہر: اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا مطالبہ

2026-11-19
’جموں کشمیر میں مقامی دہشت گردوں کی بھرتی صفر پر پہنچ گئی‘
اہم ترین

’جموں کشمیر میں مقامی دہشت گردوں کی بھرتی صفر پر پہنچ گئی‘

2026-11-19
ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ :’ہمیں اندھیرے میں نہ رکھیں، بار بار ذلیل نہ کریں‘
اہم ترین

ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ :’ہمیں اندھیرے میں نہ رکھیں، بار بار ذلیل نہ کریں‘

2026-11-19
ریاستی درجہ کی بحالی :واضح مدت کی مانگ
اہم ترین

’’ہم بزدل نہیں جو بہانے  تلاش کریں‘‘، عمر عبداللہ کا یو ٹی نظام میں حکومتی کارکردگی کا دفاع

2026-11-19
’ منشیات کے مسئلہ براہِ راست تعلق دہشت گردی سے ہے‘
اہم ترین

پاکستان سے مبینہ روابط  کے شبہے میں جموں  میںمزدور حراست میں

2026-11-19
سیاحوں کا جموں و کشمیر آنے کا جوش کم نہیں ہوا:وزیر داخلہ
اہم ترین

قوم بہادر جوانوں کو سلام  پیش کرتی ہے:وزیر داخلہ

2026-11-19
ڈاکٹر سجن سنگھ یادو نے   جموں و کشمیر کے نئے چیف  سیکریٹری کا عہدہ سنبھال لیا
اہم ترین

ڈاکٹر سجن سنگھ یادو نے  جموں و کشمیر کے نئے چیف سیکریٹری کا عہدہ سنبھال لیا

2026-11-19
Next Post
چناب ویلی میں شدید سردی کی لہر: اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا مطالبہ

چناب ویلی میں شدید سردی کی لہر: اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا مطالبہ

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

I agree to the Terms & Conditions and Privacy Policy.

  • ePaper

© Designed by GITS - Nida-i-Mashriq

No Result
View All Result
  • پہلا صفحہ
  • تازہ تریں
  • اہم ترین
  • مقامی خبریں
  • قومی خبریں
  • عالمی خبریں
  • اداریہ
  • سچ تو یہ ہے
  • رائے
  • بزنس
  • کھیل
  • آج کا اخبار

© Designed by GITS - Nida-i-Mashriq

This website uses cookies. By continuing to use this website you are giving consent to cookies being used. Visit our Privacy and Cookie Policy.