ڈی جی پی
گزشتہ دو برسوں میں لشکر میں صرف دو کشمیری شامل ہوئے:پربھات
(ایجنسیاں )
ادھم پور؍۱۸ نومبر
جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ نلن پر بھات نے بدھ کے روز کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران مرکز کے زیر انتظام علاقے میں مقامی نوجوانوں کی دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت تقریباً صفر تک پہنچ گئی ہے۔
پربھات نے کہا کہ اس عرصے کے دوران صرف دو کشمیری نوجوان لشکر طیبہ میں شامل ہوئے، جن میں آخری زندہ بچا دہشت گرد لطیف بھٹ بدھ کے روز ضلع کُلگام میں ایک تصادم کے دوران مارا گیا۔ دوسرے دہشت گرد عمر نثار کو بھی دو روز قبل اسی ضلع میں ہلاک کیا گیا تھا۔
ڈی جی پی ادھم پور میں شیرِ کشمیر پولیس اکیڈمی (ایس کے پی اے) میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، سب انسپکٹروں اور محکمہ جنگلات کے حفاظتی دستے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود تھے۔
پر بھات نے کہا، ’’گزشتہ دو برسوں کے دوران ہم نے جموں و کشمیر میں مقامی دہشت گردوں کی بھرتی کو تقریباً صفر تک پہنچا دیا ہے۔ اس عرصے میں صرف دو کشمیری نوجوان لشکر طیبہ میں شامل ہوئے۔‘‘
پولیس سربراہ نے کہا، ’’آج میں سب کو یہ اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ آخری باقی ماندہ دہشت گرد لطیف بھٹ آج کُلگام میں مارا گیا۔ دو روز قبل عمر نثار بھی کُلگام میں ہلاک کیا گیا تھا۔‘‘
ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس گزشتہ۳۵ برسوں سے پاکستان کی پشت پناہی میں جاری دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے اور اس دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پربھات نے کہا، ’’ہم گزشتہ۳۵ برسوں سے پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ میں اپنے۱۶۰۳ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور انہیں سلام کرتا ہوں، جن میں ہمارے دو بہادر جوان شہید بابِی چند اور شہید رشپال کمار بھی شامل ہیں، جنہوں نے حال ہی میں کشتواڑ میں ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔‘‘
ڈی جی پی سربراہ نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں پولیس فورس کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور ان کے عزم کو مستحکم کرتی ہیں۔ شہدا کی یادیں ہمیشہ انہیں راستہ دکھاتی ہیں اور ان کے لیے مشعلِ راہ اور حوصلے کا ذریعہ ہیں۔
پربھات نے کہا کہ پولیس نہ صرف دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے بلکہ ان کے معاون نیٹ ورک اور دہشت گردی کے پورے نظام کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا، ’’میں وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور خاص طور پر ہمارے محترم لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا بے حد شکر گزار ہوں، جن کی رہنمائی اور قیادت میں جموں و کشمیر پولیس مسلسل ایک کے بعد ایک کامیابی حاصل کر رہی ہے اور ہر جگہ کامیابی کا پرچم بلند کر رہی ہے۔‘‘
پولیس سربراہ نے مزید کہا، ’’ہم صرف دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کر رہے بلکہ اس کے پورے نظام پر مسلسل ضرب لگا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ دہشت گردی کے پورے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم اور تباہ کر دیا جائے۔‘‘
دہشت گردی سے متعلق نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ۲۰۲۵ میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) قانون (یو اے پی اے) کے تحت۲۴۰ ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ رواں سال اس سخت قانون کے تحت اب تک۲۱۰گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
پربھات نے کہا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے مالی اور لاجسٹک معاونت فراہم کر رہے تھے، اور ایسے عناصر پولیس کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔
دہشت گردی سے منسلک جائیدادوں کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے پر بھات نے کہا کہ۲۰۲۵ میں قانونی کارروائی کے بعد۱۵۵جائیدادیں ضبط کی گئیں، جبکہ رواں سال اب تک۱۲۲ جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں۔
ڈی جی پی نے کہا کہ اس کارروائی میں پاکستان سے سرگرم دہشت گردوں اور یو اے پی اے کے تحت دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث دیگر افراد کی جائیدادیں بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق، لشکر طیبہ کا اعلیٰ کمانڈر لطیف بھٹ بدھ کے روز ضلع کولگام میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں مارا گیا۔
لطیف بھٹ اور ایک دوسرے دہشت گرد عمر نثار۱۱ نومبر کو کُلگام میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھے، جس میں تین نیم فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ عمر نثار پیر کے روز کولگام میں ایک تصادم کے دوران مارا گیا تھا۔ (ایجنسیاں)










