اگر بی جے پی کی حکومت بننے تک ریاستی درجہ بحال نہیں کرنا تو صاف کہیے، مناسب وقت کی اصطلاح اب بے معنی ہو چکی ہے
(ویب ڈیسک )
سرینگر؍۱۸ نومبر
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال نہ کرنے پر بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھایا کہ کیا مرکز جان بوجھ کر ریاستی درجہ کی بحالی میں اس وقت تک تاخیر کر رہا ہے، جب تک جموں و کشمیر میں بی جے پی کی اپنی حکومت قائم نہیں ہو جاتی۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’مناسب وقت‘‘ پر ریاستی درجہ بحال کرنے کا بار بار دیا جانے والا وعدہ اب بے معنی ہو چکا ہے۔
مینڈھر، ضلع پونچھ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’اگر آپ کی خواہش یہ ہے کہ جب تک جموں و کشمیر میں بی جے پی کا اپنا وزیر اعلیٰ نہیں ہوتا، ریاستی درجہ بحال نہیں کیا جائے گا، تو یہ بات کھل کر کہیے۔ لوگوں کو صاف صاف بتائیے تاکہ انہیں کسی خوش فہمی میں نہ رکھا جائے اور ہمیں بار بار ذلیل نہ ہونا پڑے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کو اقتدار سنبھالے دو سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے، لیکن مرکز نے ریاستی درجہ بحال کرنے کا اپنا وعدہ ابھی تک پورا نہیں کیا، حالانکہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ حد بندی اور اسمبلی انتخابات کے بعد ریاستی درجہ بحال کر دیا جائے گا۔
عمرعبداللہ نے سوال کیا، ’’دو سال اور ایک ماہ انتظار کرنے کے باوجود ہمیں یہ پوچھنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے کہ ہماری ریاست کہاں چلی گئی؟ ریاستی درجہ بحال کرنے میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے؟‘‘
مرکز کی جانب سے ریاستی درجہ بحال کرنے کے لیے ’’مناسب وقت‘‘ کی شرط پر سوال اٹھاتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا، ’’اس وقت کا تعین کرنے کے لیے آپ کے پاس کیا پیمانہ ہے؟ آپ کس معیار یا پیمانے پر فیصلہ کریں گے کہ اب ریاستی درجہ بحال کرنے کا وقت آ گیا ہے؟‘‘
وزیر اعلیٰ نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاستی درجہ بحال کرنے میں مسلسل تاخیر کے جواز کے طور پر سلامتی سے متعلق واقعات کا استعمال کر رہا ہے، حالانکہ منتخب حکومت کا پولیس یا امن و قانون پر کوئی اختیار نہیں ہے۔
اپریل۲۰۲۵میں پہلگام دہشت گردانہ حملے اور گزشتہ دو برسوں کے دوران کولگام، ریاسی اور کشتواڑ میں پیش آئے متعدد دہشت گردانہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منتخب حکومت کو ان معاملات میں بھی جواب دہ ٹھہرایا جا رہا ہے جو اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’پولیس یا امن و قانون پر ہمارا کوئی اختیار نہیں ہے، اس کے باوجود ہمیں بتایا جاتا ہے کہ پہلگام حملے کی وجہ سے شاید ابھی ریاستی درجہ بحال نہیں کیا جا سکتا۔ کولگام میں کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو یہی جواز دیا جاتا ہے۔ ریاسی یا کشتواڑ میں حملہ ہوتا ہے تو پھر وہی دلیل سامنے آتی ہے۔‘‘
عمرعبداللہ نے مزید کہا، ’’جن معاملات پر ہمارا کوئی اختیار ہی نہیں، ان کے لیے ہمیں ذمہ دار کیسے ٹھہرایا جا سکتا ہے؟ جن شعبوں کی ذمہ داری ہمیں سونپی گئی ہے، ہم نے وہاں اپنے فرائض انجام دیے ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام کو دوسروں کی ناکامیوں کی سزا کیوں بھگتنا پڑے؟ یہ کیسا انصاف ہے؟‘‘ نیشنل کانفرنس کے رہنما نے سوال کیا۔
وزیرا علیٰ نے مرکز کو چیلنج کیا کہ وہ ان کی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور انتظامیہ کے شعبوں میں لے، نہ کہ امن و قانون کی صورتحال کی بنیاد پر، جو اس کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا، ’’یا تو آپ کی نیت ٹھیک نہیں ہے یا آپ مخلص نہیں ہیں۔ اگر آپ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی اپنی حکومت قائم ہونے تک ریاستی درجہ بحال نہیں کرنا چاہتے تو اس بات کو کہنے کی ہمت دکھائیے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے مرکز پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کا موجودہ نظام برقرار رکھ کر وہ جان بوجھ کر منتخب نمائندوں کی حیثیت کم کر رہا ہے۔
پروٹوکول اور عہدوں کے فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ چیف سیکریٹری اور چیف جسٹس کو تقریباً یکساں حیثیت حاصل ہے، لیکن مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ، وزرا اور ارکان اسمبلی کو ریاستوں میں ان کے ہم منصبوں کے مقابلے میں کمتر حیثیت دی جاتی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا، ’’آپ چیف سیکریٹری کو کمزور کرنا نہیں چاہتے، نہ چیف جسٹس کی حیثیت گھٹانا چاہتے ہیں۔ آپ عوام کی منتخب حکومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور ان کے منتخب نمائندوں کو ذلیل کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
آرٹیکل۳۷۰ سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران مرکز کی یقین دہانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ وعدہ یہ تھا کہ حد بندی، انتخابات اور منتخب حکومت کے قیام کے بعد ریاستی درجہ بحال کر دیا جائے گا۔
عمر عبداللہ نے بتایا کہ ان کی حکومت نے پہلی ہی کابینہ میٹنگ میں ریاستی درجہ بحال کرنے کے مطالبے پر قرارداد منظور کی تھی اور وہ خود یہ قرارداد وزیر اعظم نریندر مودی کے حوالے کر چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب بھی وزیر اعظم جموں و کشمیر آئے، انہوں نے اس وعدے کی یاد دہانی کرائی، چاہے وہ سونمرگ سرنگ یا کٹرا ریلوے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر ہو۔ انہوں نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے دوران بھی ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ دہرایا۔
مرکز کی جانب سے اختیارات کی محدودیت کے باوجود عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے نہ تو محدود اختیارات کو اپنی ناکامی کا بہانہ بنایا اور نہ ہی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹی۔انہوں نے کہا، ’’ہم بزدل نہیں ہیں کہ مشکل حالات سے گھبرا جائیں یا اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے لیے انہیں بہانے کے طور پر استعمال کریں۔‘‘










