(ایجنسیاں )
نئی دہلی؍۱۸ نومبر
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے آپریشن کے دوران کشمیر وادی میں لشکر طیبہ کے آخری معروف سرگرم مقامی دہشت گرد کو ہلاک کر دیا، جس میں مختلف اداروں کے درمیان غیر معمولی سطح کا تال میل دیکھنے کو ملا۔
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں بدھ کی علی الصبح سکیورٹی فورسز نے لطیف بھٹ کو ایک تصادم آرائی کے دوران ہلاک کر دیا۔ وہ۱۱ نومبر کو سی آر پی ایف کی چوکی پر ہوئے حملے کے سلسلے میں مطلوب تھا۔
حکام کے مطابق مذکورہ دہشت گرد دیوسر علاقے کے زنگل پورہ گاؤں میں واقع ایک مسجد کے اندر چھپا ہوا تھا اور فوج و پولیس کے سینئر افسران کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کی بار بار اپیلوں کے باوجود اس نے خودسپردگی سے انکار کیا۔
امت شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، سی آر پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں کی مشترکہ اور مربوط کوششوں کے نتیجے میں لشکر طیبہ کا وادی میں آخری معروف سرگرم مقامی دہشت گرد لطیف بھٹ آج علی الصبح کُلگام میں ایک آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔‘‘
شاہ نے کہا، ’’اس کا ایک اور دہشت گرد ساتھی عمر نثار بھی ایک روز قبل کُلگام میں مارا گیا تھا۔ پورے آپریشن میں مختلف اداروں کے درمیان غیر معمولی سطح کا تال میل دیکھنے کو ملا۔‘‘
وزیر داخلہ نے مزید کہا، ’’قوم جموں و کشمیر پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔‘‘
حکام کے مطابق لطیف بھٹ اور اس کا ساتھی عمر نثار ڈار۱۱ نومبر کو ہونے والے اس حملے میں ملوث تھے، جس میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
عمر نثار پیر کے روز کُلگام کے لارو بائی پاس علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارا گیا تھا، جبکہ لطیف بھٹ اس وقت سکیورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔










