نئی دہلی، 17 نومبر (یواین آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اتراکھنڈ کے ٹہری گڑھوال میں منگل کی صبح پیش آئے بھیانک سڑک حادثے میں نو افراد کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
مسٹر کھرگے نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اتراکھنڈ میں ہری دوار سے جوشی مٹھ جا رہی بس کے حادثے میں کئی لوگوں کی موت انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے متاثرین تک فوری امداد پہنچانے اور مرکزی حکومت کی جانب سے انہیں فوری اور مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ اتراکھنڈ میں ہری دوار سے جوشی مٹھ جا رہی بس کے گولر کے نزدیک کھائی میں گرنے اور بانسواڑہ-موہن کھال سڑک پر پیش آئے بھیانک سڑک حادثے میں کئی لوگوں کی موت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
قابل ذکر ہے کہ ہری دوار سے جوشی مٹھ جا رہی مسافروں سے بھری وشوناتھ سیوا کی بس گولر پل کے قریب بے قابو ہو کر تقریباً 120 فٹ نیچے گولر گاڑ ندی میں جا گری۔ حادثے میں بس ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت نو افراد کی موت ہوئی ہے، جبکہ 27 دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو بچاؤ کارروائی کے بعد علاج کے لیے ایمس رشی کیش پہنچایا گیا ہے۔ مہلوکین کی شناخت کی جا رہی ہے۔









