’سڑے ہوئے گوشت کی سپلائی میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے ‘ ورنہ ہوٹلوں، ریستورانوں اور کیفے بند کئے جائیں گے ‘
(ویب ڈیسک)
سرینگر؍۱۷ نومبر
چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کشمیر (سی سی آئی کے) نے منگل کو حکومت کو سات روزہ الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر سڑے ہوئے گوشت کی سپلائی کے ذمہ دار افراد کو بے نقاب نہیں کیا گیا تو وادی کشمیر کے تمام ریستوران اور ہوٹلوں میں قائم کھانے پینے کے مراکز بند کر دیے جائیں گے۔
یہ الٹی میٹم ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب چند روز قبل ریلوے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ریلوے کے ایک مال بردار ڈبے سے۲ہزار کلوگرام سے زائد سڑا ہوا گوشت برآمد کیا تھا۔ یہ گوشت عام پیکٹوں میں منتقل کیا جا رہا تھا اور اس کے لیے درکار کولڈ اسٹوریج یا ریفریجریشن کا کوئی انتظام بھی موجود نہیں تھا۔
یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی آئی کے کے صدر طارق غنی نے سڑے ہوئے گوشت کی برآمدگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور محکمہ فوڈ سیفٹی اور میونسپل حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ اس معاملے میں ایک ایسے ’’مافیا‘‘ کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہے ہیں جو ان کے بقول منشیات کے کاروبار کی طرز پر سرگرم ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے فوری کارروائی کی سراہنا کی۔
طارق غنی نے کہا، ’’آج چوتھا دن ہے اور اب تک کچھ بھی نہیں ہوا۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس سے قبل بھی بڑے پیمانے پر سڑا ہوا مرغی کا گوشت اور مٹن برآمد کیا گیا تھا، لیکن اس وقت بھی ذمہ دار افراد کو منظر عام پر نہیں لایا گیا۔
چیمبر کے صدر نے کہا، ’’یہ معاملہ دوبارہ اس لیے پیش آیا کیونکہ گزشتہ مرتبہ آپ نے بڑی مقدار میں سڑا ہوا گوشت برآمد کیا تھا، لیکن اس کے ذمہ داروں کو بے نقاب نہیں کیا۔ اس سے ان لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔‘‘
اس معاملے کو عوامی صحت کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیتے ہوئے غنی نے خراب اور ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء کی گردش کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کینسر کے بڑھتے ہوئے معاملات اور بچوں میں سامنے آنے والی نئی بیماریوں سے بھی جوڑا۔
طارق غنی نے متعلقہ حکام پر الزام لگایا کہ وہ کسی بحران کے پیدا ہونے کے بعد ہی حرکت میں آتے ہیں اور ہوٹلوں میں مصالحہ جات کی معمول کی جانچ تک اپنی کارروائیاں محدود رکھتے ہیں، جبکہ گوشت کی سپلائی کے پورے نظام کا سراغ لگانے کی ضرورت ہے۔
چیمبر کے صدر نے کہا، ’’اس معاملے کی جڑ تک پہنچیں، اصل سطح پر جا کر تحقیقات کریں۔ آخر یہاں کس قسم کا مافیا سرگرم ہے؟ یہ منشیات کے مافیا جیسا بن چکا ہے۔ جس طرح منشیات کی اسمگلنگ ہوتی ہے، اسی طرح اب سڑا ہوا گوشت بھی یہاں پہنچایا جا رہا ہے۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سپلائرز اور ڈیلروں کی شناخت کرکے انہیں ٹیلی ویژن، اخبارات اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے بے نقاب کرے، ان کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے اور ان کے خلاف جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ۱۹۷۸کی سخت ترین دفعات نافذ کی جائیں۔
طارق غنی نے کہا، ’’یہ شخص حقیقت میں پی ایس اے کے تحت کارروائی کا مستحق ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کے اختلاف کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔‘‘
چیمبر کے صدر نے مزید بتایا کہ سی سی آئی کے نے حکومت ہند اور وزارت داخلہ کو پہلے ہی ایک باضابطہ مکتوب ارسال کیا ہے، جس میں اس معاملے میں ممکنہ غفلت، رشوت خوری یا عوام کی زندگیوں کو دانستہ خطرے میں ڈالنے کے پہلوؤں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
طارق غنی نے کشمیر کے شعبہ سیاحت و مہمان نوازی، نوجوان فوڈ اسٹارٹ اپ کاروباریوں اور مقامی قصابوں پر اس واقعے کے سنگین معاشی اثرات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک خراب مچھلی پورے تالاب کو گندا کر دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کاروباری افراد صبح سے انہیں فون کرکے پوچھ رہے ہیں کہ آیا انہیں عارضی طور پر اپنے کیفے بند کر دینے چاہئیں۔
چیمبر کے صدر نے مزید کہا، ’’ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ اس سارے معاملے کے پیچھے جو لوگ ہیں، انہیں سامنے لایا جائے۔ سپلائر اور ڈیلر کون ہے، ان کی شناخت کرکے انہیں بے نقاب کیا جائے۔ ہم نے حکومت کو سات روزہ الٹی میٹم دیا ہے۔ سات دن بعد یہاں کوئی بھی ہوٹل یا ریستوران نہیں کھلے گا۔‘‘
طارق غنی نے کہا کہ سی سی آئی کے وادی میں گوشت فروخت کرنے والوں سے بھی مشاورت کرے گی اور انہیں اعتماد میں لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔










