تہران، 11 نومبر (یو این آئی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کوے روز کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ان کے ملک کے خلاف جنگ کرنے کے فیصلے کی سیاسی قیمت چکا رہے ہیں۔
مسٹر پزشکیان نے ترکی میں منعقد ہونے والی سی او پی 31 کانفرنس میں شرکت کے لیے تہران سے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو شروع ہونے والے تنازع کے دوران جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور یورپ میں حالیہ انتخابی نتائج ‘جنگ پسندوں اور تشدد پسند عناصر’ کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی ناراضگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
مسٹر پزشکیان نے کہا کہ سی او پی 31 امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں سے ماحولیات کو پہنچنے والے نقصان کو اجاگر کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔ وہ بین الاقوامی رہنماؤں اور عہدیداروں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے دوران یہ معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیاں جمہوریت اور انسانی حقوق کے تئیں ان کی وابستگی کے دعوؤں کے برعکس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے علاوہ ان کی 10 سے زائد ممالک کے رہنماؤں اور عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں۔ ان میں ترکی کے صدر رجب طیب اردغان بھی شامل ہیں۔
ایران اور ترکی کے درمیان تعلقات کو سازگار قرار دیتے ہوئے مسٹر پزشکیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے علاقائی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی مفادات مشترک ہیں، جو دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا یہ دورہ بین الاقوامی برادری تک ایرانی عوام کا پیغام پہنچائے گا اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
مسٹر پزشکیان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب امریکہ نے اشارہ دیا ہے کہ فی الحال اسے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو بڑے پیمانے پر بڑھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کے روز پیرس میں جی-7 کی میٹنگ کے دوران کہا کہ ایران میں ‘بڑی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔’ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران پر امریکہ کی اقتصادی دباؤ کی مہم مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے اتوار کے روز نشر ہونے والے سی بی ایس کے پروگرام ’60 منٹس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ فی الحال انہیں تنازع کو بڑھانے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ تاہم، انہوں نے جنگ شروع کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اثرات کے باوجود یہ تاریخی اعتبار سے درست فیصلہ تھا۔









