نئی دہلی، 29 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی بحریہ کے دو روزہ اختراعات اور مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی تیاری سے متعلق سیمینار ‘سوالمبن-2026میں دفاعی شعبے میں خود انحصاری بڑھانے، مقامی ٹیکنالوجیز تیار کرنے اور انہیں مسلح افواج کے استعمال کے قابل بنانے پر زور دیا گیا۔
سیمینار میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کوانٹم ٹیکنالوجی، ہائپرسونک ٹیکنالوجی اور بغیر پائلٹ کے نظام کے مستقبل میں استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت دفاع نے جمعرات کو بتایا کہ اختراعات اور مقامی ٹیکنالوجی سے طاقت کے موضوع پر منعقدہ اس پانچویں سیمینار میں دفاعی افواج، صنعت، اسٹارٹ اپس، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں، تعلیمی اداروں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سیمینار کے پہلے دن نمائش کا جائزہ لیا اور دفاعی شعبے میں کام کرنے والی صنعتوں کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے دفاعی اختراعات اور مقامی ٹیکنالوجی کی تیاری میں تعاون دینے والے ماہرین اور آئی ڈیکس سے وابستہ اختراع کاروں کو اعزاز سے بھی نوازا۔
سیمینار میں سوالمبن 5.0’ دستاویز کے ساتھ تکنیکی ضروریات، مسائل اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق مجموعہ بھی جاری کیا گیا۔ نمائش میں ہندوستانی بحریہ کی ضروریات کے مطابق تیار کی گئی مقامی ٹیکنالوجیز اور حل پیش کیے گئے۔ ان میں سمندری نگرانی، ڈرون سے نمٹنے کی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجی اور سلامتی سے متعلق آلات شامل تھے۔
سیمینار کے دوسرے دن ہونے والی بات چیت میں بغیر پائلٹ کے نظام اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے مختلف شعبوں میں فوجی کارروائیوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے، نگرانی کو مؤثر بنانے اور فیصلہ سازی کی صلاحیت بڑھانے پر غور کیا گیا۔ مواصلات اور نگرانی میں کوانٹم ٹیکنالوجی کے استعمال اور دفاعی شعبے میں ہائپرسونک ٹیکنالوجی کے کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
سیمینار میں دفاعی شعبے میں خود انحصاری بڑھانے کے لیے آئی ڈیکس کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ اس دوران اسٹارٹ اپس کی اختراعات کو بڑے دفاعی پلیٹ فارموں سے جوڑنے، جانچ اور سرٹیفکیشن کے عمل کو آسان بنانے اور مقامی سپلائی نظام کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ تعلیمی اداروں میں ہونے والی تحقیق کو کارآمد مصنوعات میں تبدیل کرنے اور اسٹارٹ اپس، صنعتوں اور محققین کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
سرمایہ کاروں اور وینچر کیپٹل سے وابستہ نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں مقامی دفاعی ٹیکنالوجیز کی تیاری، پیداوار اور تجارتی استعمال کے لیے مالی معاونت کے امکانات پر غور کیا گیا۔ سیمینار میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مقامی ٹیکنالوجیز کو صرف ابتدائی نمونے تیار کرنے تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ ان کی جانچ، سرٹیفکیشن، بڑے پیمانے پر پیداوار اور دفاعی افواج میں ان کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ہندوستانی بحریہ نے سیمینار کے ذریعے مقامی دفاعی صنعت، اسٹارٹ اپس اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور ملک میں تیار کی گئی ٹیکنالوجیز کو فوجی استعمال کے لیے تیار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔







