کٹھمنڈو، 27 اکتوبر (یو این آئی) نیپال کی قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی آر آر ایم اے) نے حکام اور عوام سے 29 سے 31 اکتوبر تک انتہائی چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ارنب ملک کے کئی حصوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمۂ ہائیڈرولوجی اینڈ میٹرولوجی کی جانب سے جاری مون سون کے بعد کی خصوصی موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق، سمندری طوفان کے 28 اکتوبر کو ہندوستان کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے، جبکہ اس کے اثرات 29 اکتوبر کی رات سے نیپال میں محسوس کیے جانے کی توقع ہے۔
30 اور 31 اکتوبر کو کوشی، باگمتی، مدھیش، گنڈکی اور لمبینی صوبوں کے بیشتر علاقوں میں درمیانی درجے کی بارش، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسی دوران کرنا لی اور سُدر پشچم صوبوں میں بھی درمیانی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا خدشہ ہے۔
نیپالی ذرائع ابلاغ کے مطابق، پہاڑی اور ہمالیائی علاقوں میں شدید برف باری، برفانی طوفان اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی ہے۔
حکام نے سیاحوں کو زیادہ بلندی والے علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں سے سیلاب کے خطرے سے دوچار دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ عوام کو سرکاری موسمیاتی پیش گوئیوں اور قبل از وقت انتباہات پر عمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔






