شری گنگا نگر، 24 اکتوبر (یواین آئی) راجستھان کے چورو ضلع کے راج گڑھ تھانہ علاقے میں راج گڑھ-تارانگر ریاستی شاہراہ پر دادریوا گاؤں کے قریب ہفتہ کی صبح کار کے ٹرک ٹریلر سے ٹکرانے کے نتیجے میں چھ افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں تین خواتین اور چار ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔
تھانہ انچارج پولیس انسپکٹر راجیش سیہگ نے بتایا کہ مہلوکین میں ڈرائیور مانگی لال نائی (31)، بھنور لال شرما (62)، ان کی اہلیہ مہندر دیوی (59)، کویتا (28)، یشودا (34) اور چار ماہ کا کنہیا شامل ہیں۔ تمام افراد چورو ضلع کے ساہوا تھانہ علاقے کے سومسیسر گاؤں کے رہنے والے تھے۔ حادثے میں نو ماہ کی بچی دیویانشی شدید زخمی ہوئی ہے، جسے ابتدائی علاج کے بعد نازک حالت کے پیش نظر اعلیٰ طبی مرکز منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھنور لال شرما اپنی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ گاؤں سے ہریانہ کے گروگرام میں واقع ایک مذہبی مقام کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ صبح تقریباً سات بجے دادریوا گاؤں کے قریب تیز رفتار کار آگے چل رہے ٹرک ٹریلر سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ چار افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دو زخمیوں نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بعد میں پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر افسران بھی وہاں پہنچے۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد تمام لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کردی گئیں۔ حادثے کے باعث دادریوا اور نیانگلی کے درمیان راج گڑھ-تارانگر ریاستی شاہراہ پر کافی دیر تک ٹریفک متاثر رہا۔



