گریٹر نوئیڈا، 7 اکتوبر (یواین آئی) سابق ہندوستانی کپتان کپل دیو نے تقریباً چار سال بعد ہندوستانی ٹی-20 ٹیم میں بھونیشور کمار کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی واپسی سے دوسرے کھلاڑیوں کو بھی یہ حوصلہ ملے گا کہ محنت اور فٹنس کے ذریعے کسی بھی کھیل میں دوبارہ واپسی کی جاسکتی ہے۔
36 سالہ بھونیشور کو نیوزی لینڈ کے دورے پر ہونے والی ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے نومبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہی اپنا آخری ٹی-20 بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔ ٹیم سے باہر رہنے کے باوجود بھونیشور مسلسل گھریلو کرکٹ اور آئی پی ایل میں کھیلتے رہے اور گزشتہ دو سیزن میں ان کی کارکردگی بھی اچھی رہی ہے۔ حال ہی میں یوپی ٹی-20 لیگ میں انہوں نے 11 اننگز میں 6.11 کی اکانومی اور 16 کی اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کیں۔
کپل دیو نے جے پی گرینز گولف اینڈ اسپا ریزورٹ میں ‘کپل دیو انویٹیشنل ٹور چیمپئن شپ کے پہلے روز کہا، بھونیشور نے ہندوستانی ٹیم سے باہر ہونے کے بعد بہت محنت کی، اپنی فٹنس پر کام کیا اور مسلسل گیندبازی کرتے رہے، جس کی بدولت انہوں نے واپسی کی۔ ان کی واپسی سے دوسرے کھلاڑیوں کو بھی حوصلہ ملے گا کہ اگر جذبہ ہو تو واپسی کی جاسکتی ہے۔
کپل نے ہندوستان کے نیوزی لینڈ دورے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈی پی ورلڈ پروفیشنل گولف ٹور آف انڈیا (ڈی پی ورلڈ پی جی ٹی آئی) کے صدر کپل دیو نے ایشین گیمز میں گولف کا طلائی تمغہ جیتنے والی پرنوی ارس کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پرنوی نے ثابت کیا ہے کہ اگر کسی کھیل کو مکمل حمایت اور حوصلہ افزائی ملے تو کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان کے طلائی تمغے سے ہندوستان میں گولف کو یقیناً فروغ ملے گا۔




